ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سندھ کے مختلف شہروں میں محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) کے زیر اہتمام جلسے، ریلیاں اور سیمیناروں کا انعقاد کیا گیا۔ یوم مئی انقلابی جوش و جذبے اور اس عظم کے ساتھ منایا گیا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے تک ناقابلِ مصالحت طبقاتی جدوجہد جاری رہی گی۔
میرپور خاص
رپورٹ : کامریڈ پرشوتم
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقعے یکم مئی 2013ء کو ریلوے اسٹیشن میرپور خاص سے پریس کلب میرپور خاص تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تنظیموں سمیت محنت کشوں، طلباء اور بیروزگار نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام سمیت مہنگائی بیروزگاری اور غربت کے خلاف اعلان جنگ جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوکرشہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی جب پریس کلب میرپور خاص پہنچی تو وہاں ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی جس سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما کامریڈ نتھو، کامریڈ پرشوتم، رمیش کمار، کامریڈ خالد سمیت آل سندھ ٹریڈ یونین آرگنائزیشن کے رہنما عبدالحمید شیخ، میرپور خاص شگرمل ایسوسیئیشن کے صدر حاجی ارشد، ارشد گلاب، بلدیہ میرپور خاص کے صدر شریف شیخ، شبیر چراغ، پاکستان کلرک ایسوسیئیشن میرپور خاص ڈویڑن کے رہنما ایاز شورو، ورک اینڈ سروس لیبر ٹریڈ یونین کے سینئر نائب صدر شوکت بٹ، پ ٹ الف کے رہنما سونو مل، وشنو مل، پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسیئیشن کے حاجی بخش پنہور اور راجیش کمار نے خطاب کرتے ہوئے محنت کش عوام کے مسائل پر بات کی اور شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزدور تحریک کے ساتھ جڑت کا عہد کیا۔
میرپور بٹھورو
رپورٹ : کامریڈ جبار زنؤر
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے علی بندر سے نیشنل بیک تک ریلی نکالی گئی جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے محنت کشوں، کسانوں، نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد میں شرکت نے ریلی کی کامیابی کو یقینی بنایا، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جبار زنؤر، سکندر زنؤر، عزیز زنؤ، نبی سوھو اور راشد آزاد نے کہا کہ مزدور زندگی کی تمام ضرورتوں سے محروم ہو چکے ہیں ان کے بچے تعلیم حاصل نہیں کرسکتے، علاج عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے۔ بجلی، گیس اور سی این جی موجود نہیں ہیں۔ لوڈشیڈنگ، مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور نجکاری کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، ان تمام تر مسائل کا حل عالمی سوشلسٹ انقلاب ہی ہے اور اس انقلاب کو یقینی بنانے کے لئے ہمیں محنت کشوں کی عالمی تحریک کا حصہ بنتے ہوئے اپنی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔
گلاب لغاری
رپورٹ : کامریڈ شاہنواز
یوم مزدور کے موقعے پر شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کیلئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے گلاب لغاری میں حیدرآباد موڑ سے اگھانو چوک تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے محنت کشوں، کسانوں، بیروزگار نوجوانوں اور طلباء نے شرکت کی، حاضرین نے شکاگو کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی، غربت، بیروزگاری او رسماجی مسائل سمیت امریکی سامراج اور اس کے مالیاتی اداروں کی مداخلت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کریم لغاری، بیروزگار نوجوان تحریک کے شاہنواز لغاری، ایاز، رتن، ہیرا لال اور منو و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہداء کی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کے بحران پر واضح اندازمیں بات کی، مقررین نے مزید کہا کہ آج عالمی طور پر محنت کشوں کی تحریکیں اٹھ رہی ہیں، ہمیں صرف اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم اس عالمی تحریک کا حصہ بنیں جو ہمیں سوشلسٹ تبدیلی سے ہمکنار کرواسکے۔
حیدرآباد میں یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کی شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مکمل رپورٹ پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔
جوہی
جوہی میں PTUDC کی طرف سے یوم مئی کے حوالے سے ایک شاندار پروگرام ہوا جس میں 100 کے قریب محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی، پروگرام کی ابتدا انقلابی نظم سے کامریڈ خادم نے کی۔ صدارت کے فرائض کامریڈ امین نے ادا کئے۔ شرکاء سے کامریڈ شبیر رستماٹی، کامریڈ جمن ببر (درزی مزدور یونین)، کامریڈ انور سیال (صدر حجام یونین)، کامریڈ عزیز اللہ سومرو (صدر پرائمری ٹیچر یونین)، کامریڈ اعجاز بگہیو، کامریڈ سائیں بخش رند، کامریڈحمید سومرو، کامریڈ عنایت کھوسو، شاعرخلیل عارف سومرو، کامریڈ رزاق رند، کامریڈ صدام خاصخیلی نے شکاگو کے شہدا کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں محنت کشوں کی حالت زار بیان کی اور کہا کہ سوشلسٹ انقلاب ہی شکاگو کے شہیدوں پر ہونے والے ریاستی جبر کاحقیقی انتقام ہوگا۔ پروگرام کا اختتام کامریڈ راشد زنور کی انقلابی نظم پر ہوا۔
خیرپور
رپورٹ: سعید خاصخیلی
یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین خیرپور کا مشترکہ پروگرام 30 اپریل 2013ء کورات 9 بجے پھول باغ خیرپور میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز ثقافتی رقص اور انقلابی ترانوں سے کیا گیا۔ پروگرام میں 1000 سے زائد محنت کشوں نے شرکت کی۔
مقررین میں یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن خیرپو کے صدر امجد لاشاری، آل یونیورسٹی ایمپلائیز ایسو سی ایشن کے چیئر مین رضا درانی، بے روزگار نوجوان تحریک کے کامریڈ سعید خاصخیلی، شہباز پھلپوٹو اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفینس کمپئین کے کامریڈ پارس جان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ PPP کی سابق MNA نفیسہ شاہ اور سابق MPA جناب نواب منظور وسان نے خصوصی شرکت کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض اعجاز عباسی نے ادا کئے۔
مقررین نے محنت کشوں کے تمام مسائل کی بنیاد سرمایہ دارانہ نظام کو قرار دیا۔ کامریڈ پارس جان نے اپنی مفصل تقریر میں PPP کے ماضی اور حال پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح PPP کی موجودہ قیادت پارٹی کے بنیادی منشور سے غداری کرتے ہوئے مزدور دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر محفلِ موسیقی کا انعقاد کیا گیا۔
کے این شاہ
رپورٹ: کامریڈ عیسیٰ چانڈیو
یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے شہدا ء کو سرخ سلام پیش کرنے کے لیے خیرپور ناتھن شاہ میں مزدور ریلی نگالی گئی جس میں سو سے زیادہ محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ ریلی بلوچ پیٹرول پمپ سے نکل کر پریس کلب کے این شاہ تک پہنچی جہاں بھٹہ مزدور یونین کے غلام محمد گاڈھی، حمالی مزدور یونین کے وزیر گاڈھی، PTUDC کے رہنما کامریڈ عیسیٰ چانڈیو، PYA کے سہیل چانڈیو اور ماجد بگھیہ، BNT کے آصف لاکھیر اور نظام چانڈیو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن صرف شکاگو کے مزدوروں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لئے ہی نہیں بلکہ ان کے عزم اور جرات کو دہرانے کاعظم کرنے کا دن ہے۔ آج ہر طرف ووٹوں کے لئے یہ سرمایہ داروں کے ایجنٹ عوام کے پیچھے دوڑ رہے ہیں لیکن الیکشن کے بعد ان کا نام و نشان بھی نظر نہیں آئے گا، عوام اس بات سے اب اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں اور ان کا شعور اب بغاوت کے لئے تیار ہے، کمی ہے تو صرف مارکس اسٹ انقلابی پارٹی کی جو محنت کشوں کی رہنمائی کر کے اس سرمایہ دارانہ نظام سے چھٹکارا دلا کرغربت، بیروزگاری اور استحصال کا خاتمہ کرے۔
ُقاضی احمد
رپورٹ:کامریڈ یار محمد
مورخہ یکم مئی 2013ء کو قاضی احمد میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) اور مزدور اتحاد یونین کی طرف سے شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی ناز ہوٹل سے پریس کلب قاضی احمد تک فلک شگاف نعروں کی گونج میں پہنچی تو جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ پریس کلب میں محنت کشوں اور نوجوانوں سے PTUDC کے رہنما یار محمد لاکھو، وارث بوزدار، غلام حسین کلوئی، گلاب راء، غلام حسین خاصخیلی اور BNT کے رہنما کامریڈ اعجاز بگھیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ساری دنیا میں محنت کشوں کی تحریکیں اٹھ رہی ہیں۔ ضرورت ایک بالشویک پارٹی کی ہے جو موضوعی عنصر کا کردار ادا کرے اور محنت کشوں اور نوجوانوں کو رہنمائی فراہم کرتے ہوئے اس کرہ ارض پر سے سرمایہ دارانہ وحشت کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دے تاکہ ایک سوشلسٹ سماج کی تعمیر کا آغازکیا جاسکے۔
دادو
رپورٹ: کامریڈ ضیاء
یوم مئی پر دادو میں شاندار ریلی اور جلسہ منعقد کیا گیا۔ ہائی ویز لیبر ہال سے لطیف لیبرہال واپڈا دادو تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف اداروں اور ٹریڈ یونینز کے مزدوروں اور سیاسی کارکنان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی، جن کا بنیادی نعرہ یہ تھا کہ مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، معاشی عدم مساوات اور بدامنی کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ ریلی کا اختتام لطیف لیبرہال واپڈا میں ایک جلسہ کی صورت میں ہوا۔ اس جلسہ کی صدات کامریڈ صدام خاصخیلی نے کی جب کہ خطاب کرنے والوں میں بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) دادو کے رہنما خالد جمالی، پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف یونین ضلع دادو کے رہنما راجہ رفیق پنہور اور صداقت سومرو، رکشہ ڈرائیور ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عباس وگھیو، واپڈا الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے رہنما کامریڈ ضمیر کوریجو، ریلوی ورکرز یونین دادو کے رہمنا ممتاز سولنگی اور ارشاد لغاری، میونسپل امپلائیز یونین کے رہنما حاجی بشیر سولنگی، ہوٹل ورکرز یونین دادو کے صدر چاچا غلام قادر انڑ، بیڑی ورکرز یونین کے صدر دوست علی زؤنر، پاکستان ٹریڈ یونین ڈفینس کئمپین PTUDC صوبہ سندھ کے صدر انور پنہور، ہائی ویز امپلائیز یونین سب ڈویزن میھڑ کے رہنما اوشاک احمد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈفینس کئپین PTUDC ضلع دادو کے صدر اور ہائی ویز امپلائیز یونین کے صدر محمد موریل پنہور شامل تھے۔
رہنماؤں نے خطاب میں مزدوراتحاد کو مزید مضبوط کرنے اور ہر مسئلہ پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے پر زور دیا اور کہا کہ ہم اب چہروں کی تبدیلی نہیں بلکہ اس سرمایہ دارانہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ اس بیروزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، نجکاری اور بدامنی کا خاتمہ اس نظام کے ہوتے ہوئے ممکن نظر نہیں آ رہا۔ الیکشن اس کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا کہ یہ چنا جائے کہ حکمران طبقہ سے کون سے امیر لوگ ہم پہ حکومت کریں۔ مسائل حل کرنے کی اس نظام اور اس کے رکھوال سرمایہ دار طبقہ کے پاس نہ کوئی سکت ہے اور نہ ہی کوئی دلچسپی ہے۔ صرف سوشلسٹ انقلاب ہی مسائل کا حل ہے جو سارے ملک کے اداروں، فیکٹریوں، بڑے جاگیرداروں کی زمینوں اور سرمایہ داروں کے اثاثے ضبط کرکے مزدورں اور کسانوں کے جمہور ی کنٹرول میں دے گا، یہی حقیقی جمہوریت ہے، یہی یوم مئی کی پکار ہے اور یہی نجات کا راستہ ہے۔