[رپورٹ : امجد شاہسوار]
مورخہ 10جنوری کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام گجرانوالہ میں پنجاب حکومت کی ایماء پر ڈاکٹرز کی گرفتاریوں، ریاستی تشداورجبری برطرفیوں کے خلاف جناح ہسپتال کے سامنے ریلی اور احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیاجس میں سینکڑوں کی تعداد میں ینگ ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے کارکنان نے اظہارِ یکجہتی کے طور پر اس احتجاج میں شرکت کی۔ شرکاء ریلی ’’ہم نہیں مانتے ظلم کے یہ ضابطے‘‘، ’’ گرفتار ڈاکٹرز کو رہا کرو‘‘، ’’ریاستی تشدد بند کرو، جبری برطرفیاں بند کرو‘‘، ’’انتقامی کاروائیاں بند کرو‘‘، ’’سیکریٹری ہیلتھ مردہ باد، ایم۔ ایس مردہ باد‘‘، ’’پنجاب حکومت مردہ باد‘‘، ’’ظالموجواب دو ظلم کا حساب دو‘‘کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی ہسپتال سے نکل کر ملحقہ سڑک کا چکر لگانے کے بعدایک بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ اس جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے YDA پنجاب کے صدر ملک جاوید نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار ڈاکٹرز کو رہا کرتے ہوئے انتقامی کاروایاں بند کرے۔ گجرانوالہ واقعہ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اگر کسی نوجوان ڈاکٹر سے کوئی غلطی سرزد ہوئی ہے تو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور YDA اس کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ممبران سے باز پرس کرے گی اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی جاچکی ہے، لیکن اس واقعہ کو نوجوان ڈاکٹرز کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا جواز بنانا بھی قابلِ مذمت ہے۔ ہم نے شوق سے سڑکوں کا رخ نہیں کیا بلکہ ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ گرفتاریاں، برطرفیاں اور ریاستی تشدد ہمارے راستے میں حائل نہیں ہو سکتے۔ حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ گجرانوالہ یک طرفہ کاروائی کر رہی ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکریٹری ہیلتھ عارف ندیم، ایم ایس ڈاکٹر انور عمان، ایم۔ این۔ اے خرم دستگیرکے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے ایف۔ آئی۔ آر درج کی جائے۔ ان افراد کی ملی بھگت اور سازشوں کی وجہ سے یہ واقع رونما ہوا جو کہ پری پلان تھا۔ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہم راست اقدام کرنے پر مجبور ہو ں گے۔ PTUDC کے مرکزی راہنما آدم پال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پنجاب اورضلعی انتظامیہ گجرانوالہ کے گھناؤنے ہتھکنڈوں کی بھر مذمت کرتے ہوئےYDA کی تحریک کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے خلاف حکومتی کاروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم اس لڑائی کو دیگر اداروں کے مزدوروں اور طلباء تنظیموں تک لے جائیں گے اور آخری فتح تک YDA کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی جابرانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر پیرا میڈیکل کے مرکزی راہنما کفائت نے YDA کی تحریک کی حمایت کا اعلان کیا اور مل کر جدو جہد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس جلسہ عام سےYDA پنجاب کے صدرملک جاوید، PTUDC کے راہنماآدم پال کے علاوہ لیڈی ڈاکٹر ریحانہ کنول، ڈاکٹر ابوبکرگوندل اور YDAکے دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا۔
اسی سلسلہ میں سروسز اہسپتال میں بھی ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں حکومتِ پنجاب کی ناانصافیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس ریلی سے YDA پنجاب کے سابق صدر ڈاکٹر حامد بٹ اور ڈاکٹر عثمان ایوب نے خطاب کیااور آخری فتح تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔