مظفرآباد یونیورسٹی میں طلبہ حقوق بحالی کانفرنس کا انعقاد

[رپورٹ: سعد ناصر]
26 دسمبرارشد محمود بلو کی 29 ویں برسی کے موقع پرجموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام آزاد کشمیر یونیورسٹی کے کیفی ٹیریا ہال میں ’’طلبہ حقوق بحالی کانفرنس‘‘  کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں جامعہ کشمیر کی تقریبأ تمام طلبہ تنظیموں کے نمائندگان سمیت، نوجوان طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کامریڈحسنین نے انقلابی ترانے سے کیا۔ کانفرنس کی صدارت، ضلعی صدر JKNSF کامریڈخواجہ جمیل نے کی اورکانفرنس کے مہمانِ خصوصی مرکزی صدر JKNSF کامریڈراشد شیخ تھے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروگریسیو یوتھ الائنس مظفرآبادکے آرگنائزر کامریڈسعد ناصرنے عالمی طالبعلم تحریکوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کی وحشت زدہ کیفیت کو تفصیل سے بیان کیا اور کہا کہ تعلیم کو ایک بیو پار بنا دیا گیا ہے۔ تعلیم منڈی میں خریدنے اور بیچنے کے لئے ایک جنس کی حثیت اختیار کر چکی ہے۔ سرمایہ دارانہ معاشرے میں دو متضاد تعلیمی نظام بنا دیے گئے ہیں اور اکثریت تعلیم سے محروم ہوتی جا رہی۔ P.S.F جامعہ کشمیر کے جنرل سیکرٹری شاہنواز چوہدری نے طلبہ یونین پر عائدپابندی کو تاریخی جرم قرار دیتے ہوئے اس کی تاریخی ضرورت پر زور دیا۔ نوجوان طالبعلم نے موجودہ حکومت کی طرف سے طلبہ یونین پر پابندی ہٹائے جانے کے حکومتی اعلان کو فراڈقرار دیتے ہوئے حکومت کی غلط پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور مذمت کی۔ طالبات کے طرف سے فائزہ نقوی نے یونیورسٹی مسائل کی وضاحت کرتے ہوئے طالبات کو درپیش مسائل، فیسوں میں مسلسل اضافے، ہاسٹل کی نا کا فی سہولیات اور پرائیوٹ ہاسٹلز کے اخراجات پر بات کی اور انتظامیہ کے دُوہرے روئیے پر سے نقاب اٹھایا۔ چئیرمین M.S.F راجہ نا صر لطیف، M.S.F.N کی طرف سے سبطین گیلانی، چئیرمین JKPSO جامعہ کشمیرعدنان ریاض نے پارٹی پالیسیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے طلبہ مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کا عزم کیا اور JKNSF کے طبقاتی مؤقف کو سراہا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے کامریڈ ڈاکٹر نجیب نے کانفرنس میں نوجوان طلبہ کی جدوجہد ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نوجوانوں کو محنت کشوں کے ساتھ جڑتے ہوئے آگے بڑھنے کا پیغام دیا۔ چئیرمین پبلسٹی بورڈ JKNSF(نیشنلسٹ) طاہر نذیر نے شہید ارشد بِلو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے طلبہ مسائل کے حل کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ نوجوان کامریڈعمران شفیع نے طلبہ مسائل کے حوالے سے ایک تحریک منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ضلعی صدر JKNSF کامریڈخواجہ جمیل نے تمام طلبہ تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی طرف سے من مرضی کی یوتھ پارلیمنٹ بنانے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے طلبہ یونین کے انتخابات کا مطالبہ کیا۔ انتظامیہ کے نام نہاد میرٹ، سیلف فنانس کی کلاسز، نا کافی تعلیمی سہولیات اور نجکاری کو موجودہ نظام کی ناکا می قرار دیا۔ انہوں نے میرپور یونیورسٹی کے طلبہ پر ریاستی تشدد کی مزمت کرتے ہوئے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر ایک تحریک کو منظم کرنے اور تمام طلبہ کو تحریک میں شامِل ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
آخر میں کانفرنس کے مہمانِ خصوصی مرکزی صدر JKNSF کامریڈراشد شیخ نے تمام تر بحث کو سمیٹتے ہوئے تمام تر مسائل کی وجہ طبقاتی نظامِ تعلیم اور سرمایہ داری کے عالمی زوال کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو طبقاتی بنیادوں پر منظم ہوناپڑے گا، حکمران طالبِ علموں کو استعمال کرتے ہوئے خودعیاشیوں میں مصروف ہیں۔ طلبہ تنظیموں کے نوجوان اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے طلبہ کے حقیقی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کومنظم کریں، قیادتوں کے دوغلے معیار کو بے نقاب کرکے آپس میں جڑت بناتے ہوئے طبقاتی نظامِ تعلیم اور سرمایہ دارانہ جبر کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں اور غیر طبقاتی معاشرے کے قیام کے لئے اپنا تاریخی کردار ادا کریں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کا مریڈسلیم الدین نے ادا کئے۔
کانفرنس کے اختتام پر میرپور یونیورسٹی کے طلبہ پر ریاستی تشددکے خلاف احتجاج کیا گیااور نعرہ بازی کی گئی۔