رپورٹ: PTUDC شہداد کوٹ
مورخہ 16 مارچ کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور شہداد کوٹ مزدور فیڈریشن کی طرف سے لیبر ہال شہدادکوٹ میں کامریڈ جام ساقی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت کامریڈجام ساقی کے اسیری کے ساتھی صوفی عبدالخالق نے کی جب کہ اعزازی مہمانوں میں انور پنہور، محمد عرس سیلرو، غلام اللہ سیلرو، اسحاق مغیری، قادر بخش سیلرو، کامریڈ عبدالستار مگنھار، نیک محمد سیلرو، کامریڈ غفار پندھرانی شامل تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سکندر سیلرو نے ادا کیے۔
تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کامریڈ جام ساقی کی انقلابی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کامریڈ جام ساقی ایک غیر معمولی کردار تھا جس کی جدوجہد کے کئی روپ ہیں۔ انہوں نے کئی سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارے اور فوجی ٹارچرر سیلوں کا مقابلہ کیا اور دس سال سے زیادہ روپوشی کی زندگی گزاری۔ وہ کسانوں ، مزدوروں اور طلبہ کو جوڑ کر انقلابی تحریک کو منظم کرتا رہا۔ مقررین اور حاضرین نے کامریڈ جام ساقی کی جدوجہد جاری رکھنے اور سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔