رپورٹ: JKNSF راولپنڈی
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کی موجودگی میں مظلوم قومیتوں کے حق خودارادیت سمیت بنیادی مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔ تمام مظلوم قومیتوں کے محنت کش طبقات کی طبقاتی بنیادوں پر سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف مشترکہ جدوجہد اور سوشلسٹ انقلاب ہی قومی محرومی سمیت تمام مسائل کا حل ہے۔ پورے خطے کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو منظم کرتے ہوئے اس ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کو منظم کیا جائے گا۔ آزادی کنونشن سے جے کے این ایس ایف کے مرکزی صدر ابرار لطیف، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر وائس چیئرمین راجہ مظہر اقبال ایڈووکیٹ، سابق مرکزی صدر این ایس ایف بشارت علی خان، نومنتخب چیئرمین راولپنڈی برانچ نعیم آزاد، پختون تحفظ موومنٹ کے رکن حنیف اللہ، ایس ایل ایف راولپنڈی کے چیئرمین فیضان کاشر، پشتون ایس ایف کے عارف بلوچ، مہر اللہ (بلوچستان)، سینئر نائب صدر این ایس ایف مروت راٹھور، آر ایس ایف کے آرگنائزرعمر عبداللہ، سیکرٹری جنرل یاسر حنیف، التمش تصدق، چیئرمین کشمیر کونسل نمل یونیورسٹی احسن سدوزئی، آصف رشید اور دیگر نے خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض شفقت خان نے انجام دیئے جبکہ فہد زاہد نے انقلابی ترانہ پیش کیا۔ قبل ازیں کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی ریلی منعقد کی گئی۔
مقررین نے پاکستان میں مظلوم قومیتوں کے مستقبل کے عنوان سے منعقدہ آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ برصغیر کے خونی بٹوارے کے بعد جنم لینے والی دونوں ریاستیں قومی جمہوری انقلاب کے فرائض پورے کرنے میں مکمل ناکام رہی ہیں۔ قومی مسئلے کے خاتمے سمیت دیگر ایسے اقدامات جو ایک جدید قومی ریاست میں کئے جانے ضروری تھے وہ اس خطے کا حکمران طبقہ اپنی تاریخی نا اہلی اور تاخیر زدگی کے باعث کرنے میں ناکام رہا جس کی وجہ سے یہ ممالک مظلوم اور محروم قومیتوں کے جیل خانوں کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ مظلوم قومیتوں کے نوجوان اور محنت کش قومی محرومی اور دیگر مسائل کیخلاف جدوجہد میں برسرپیکار ضرور ہیں لیکن جب تک تمام مظلوم قومیتوں کی جدوجہد کو طبقاتی بنیادوں پر جوڑا نہیں جاتا حقیقی آزادی کی منزل کی جانب نہیں بڑھا جا سکا۔ مقررین نے کہا کہ ہر قوم میں دو قومیں ہوتی ہیں، یہ دو قومیں در اصل دو متحارب طبقا ت ہوتے ہیں۔ اس لئے ہمیں یہ بھی واضح کرنا ہو گا کہ ہر قوم کے محنت کشوں اور نوجوانوں کو جہاں ریاستی جبر کیخلاف جدوجہد کو منظم کرنا ہوگا وہاں اپنی قوم میں موجود بالادست طبقات کیخلاف بھی اس جدوجہد کو منظم کرنا ہوگا۔ آج پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں اور محروم قومیتوں کی نجات کا واحد راستہ سوشلزم سے ہوکر ہی گزرتا ہے اس لئے ہمیں جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات سے لیس ہونا ہو گا۔ وہ وقت دور نہیں ہے کہ جب اس خطے کے مظلوم و محکوم عوام اس نظام کیخلاف ایک فیصلہ کن جدوجہد کے میدان میں اتریں گے اور اسے جڑ سے اکھاڑتے ہوئے نسل انسان کیلئے ایک نئے سوشلسٹ مستقبل کی بنیادیں رکھیں گے۔
اِس موقع پر جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی ، اسلام آباد برانچ کی نئی تنظیم سازی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نعیم آزاد چیئرمین جبکہ ثقلین مشتاق جنرل سیکرٹری منتخب کئے گئے۔ دیگرعہدیداران میں وائس چیئرمین توصیف احمد، آرگنائزر فیضان خان، چیئرمین سٹڈی سرکل یاسر گلزار، سیکرٹری مالیات عدنان اشرف، سیکرٹری نشرواشاعت کامریڈ صیام منتخب ہوئے ہیں۔ نومنتخب عہدیداران سے مرکزی چیف آرگنائزر تیمور سلیم نے حلف لیا۔