رپورٹ: ضیا
مورخہ 11 مارچ کو دادو میں برصغیر کے عظیم انقلابی کامریڈ جام ساقی کی وفات پر تعزیتی ریفرنس رکھا گیا۔ ریفرنس کا انعقاد طبقاتی جدوجہد دادو، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگار نوجوان تحریک دادو کی جانب سے کیا گیا تھا۔ واپڈا کے لطیف لیبر ہال میں جام ساقی کے قریبی ساتھی، محنت کش اور نوجوان اِس ریفرنس میں شریک ہوئے۔ شروع میں جام ساقی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے بعد کامریڈ امین جمالی نے شرکا کو خوش آمدید کہا جام ساقی کی جدوجہد اور حالات زندگی پر روشنی ڈالی۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ صدام خاصخیلی نے سرانجام دئیے جبکہ کامریڈ موریل پنہور نے صدارت کی۔
خصوصی مہمانوں میں کامریڈ عنایت جمالی رہنما پ ٹ الف، انور پنہور صدر پی ٹی یو ڈی سی سندھ اور اعجاز بگھیو صدر بیروزگار نوجوان تحریک صوبہ سندھ شامل تھے۔ اس موقع پر جام ساقی کے پرانے ساتھیوں شیرمحمد بھرگڑی، نورمحمد سومرو، سندھی ادبی سنگت کے امید سندھی، دھنی بخش وگھیو، عوامی شاعر عاشق دادوی، کامریڈ حنیف مصرانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین اور شرکا نے کامریڈ جام ساقی کے عزم اور جدوجہد کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دیا اور سوشلسٹ انقلاب کی لڑائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔