| رپورٹ: PTUDC مظفرآباد |
آزاد کشمیر میں حکومت اور بیوروکریسی کی ہٹ دھرمی، نااہلی، خود غرضی اور منافقانہ پالیسوں کی وجہ سے گذشتہ چند دنوں سے محکمہ صحت عامہ، محکمہ تعلیم، محکمہ اوقاف اور سیکرٹریٹ کے محنت کشوں نے مظاہرے، دھرنے اور ہڑتالیں کر رکھی ہیں۔
محکمہ صحت عامہ کے محنت کش جن کے ہیلتھ الاؤنس کا نوٹیفیکشن ہو چکا تھا لیکن محکمہ مالیات کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس پر عمل درآمد ابھی تک نہ ہو سکا جسکی وجہ سے محکمہ صحت کے یہ محنت کش چند دنوں سے پورے آزاد کشمیر میں ہڑتال پر ہیں اور ہیلتھ الاؤنس کی بحالی تک ہڑتال جاری رکھنے کا عزم کیا ہوا ہے۔
مظفرآباد ڈویژون میں محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے 31 مستقل جونیئر معلمین جن کی تعیناتی ٹیسٹ انٹرویو اور سلیکشن کمیٹی کے تحت ہوئی تھی ان کو بغیر شوکاز نوٹس دیے 04 جنوری2017ء کو ملازمت سے اس وجہ سے فارغ کر دیا گیا ہے کہ جب ان کی تعیناتی ہوئی تھی تو ان کے نام ویٹنگ لسٹ پر تھے، محکمہ تعلیم کے ان محنت کشوں نے 05 جنوری سے سنٹرل پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ جب تک ان کو ملازمت پر واپس بحال نہیں کیا جاتا وہ دھرنا جاری رکھے گے۔
مظفرآباد محکمہ اوقاف کے محنت کش سیکرٹری اوقاف کی بد سلوکی اورتوہین آمیز رویے کی وجہ سے 17 جنوری سے ہڑتال پر ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ سیکرٹری اوقاف کو فی الفور تبدیل کیا جائے۔
اسی طرح 19 جنوری کو سیکرٹریٹ مظفرآبادکے محنت کشوں نے یوٹیلٹی الاؤنس کی بحالی اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقل تعیناتی کے لئے سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی کال پر اسمبلی گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بعد ازاں حکومت کی یقین دہانی پر مظاہرہ موخر کر دیا۔
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی قیادت ان متاثرہ محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے ان کے احتجاجی دھرنے اور ہڑتالی کیمپ کا مسلسل دورہ کر رہی ہے اور ان سے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر لڑائی لڑنے کی اپیل کر رہی ہے۔