| رپورٹ: خواجہ جمیل |
مورخہ 07 اگست 2016ء بروز اتوار مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام انڈین مقبوضہ کشمیر میں محنت کشوں، نوجوانوں اور خواتین پر بھارتی فوج کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی کے خلاف میڈیکل کالج سے سنٹرل پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں میڈیکل کالج اور جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے درجنوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران نوجوانوں نے کشمیر کی غلامی، تقسیم کشمیر، دہشت گردی، سامراج اور بھارت کے ریاستی جبر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسہ کیا۔
احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران مرکزی جنرل سیکرٹری جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن خواجہ جمیل، مرکزی نائب صدر عصمت عابد،ضلعی صدر مظفرآباد مرورت راٹھور، انڈین مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ محسن، مدثر، فیصل راٹھور اور دیگر نے نہتے عوام پر بھارتی فوج کے بہیمانہ تشدد اور قتل و غارت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ظلم و بربریت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے کشمیر کے نوجوانوں اور محنت کشوں کو چایئے کہ اپنی اس لڑائی کو پاکستان اور ہندوستان کے نوجوانوں اور محنت کشوں سے جوڑیں تاکہ ظلم اور بربریت کے اس سامراجی نظام سے مکمل چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔