’’بائیں بازو‘‘ کا کمیونزم: ایک طفلانہ بیماری

روس میں نومبر 1917ء کے بالشویک انقلاب کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوئے اور ایک طرف سرمایہ داری تو دوسری طرف سوشل ڈیموکریسی کے نظریاتی انحراف، اصلاح پسندی اورطبقاتی مصالحت کے خلاف بالشویزم ٹھوس انقلابی سوشلزم کے رجحان کی حیثیت سے ابھرا۔ مارچ 1919ء میں تیسری انٹرنیشنل (کمیونسٹ انٹرنیشنل یا ’کامنٹرن‘) کا قیام عمل میں آیا جس کی چھتری تلے دنیا بھر میں کمیونسٹ پارٹیاں تیزی سے قائم ہوئیں اور محنت کش طبقے کی ہراول پرتوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ لیکن اس وقت بھی یورپ اور دوسرے خطوں میں کروڑوں محنت کش ایسے تھے جو اپنی روایتی سوشل ڈیموکریٹک پارٹیوں، پارلیمانیت اور ٹریڈ یونینز کے ذریعے اصلاحات اور حالات زندگی میں بہتری چاہتے تھے۔ ان محنت کشوں، بورژوا جمہوریت اور ٹریڈ یونینز کی طرف کمیونسٹوں کا رویہ کیا ہونا چاہے؟ انہیں کس طرح حس تناسب کو برقرار رکھتے ہوئے ایک طرف موقع پرستی اور مفاد پرستی اور دوسری طرف فرقہ واریت اور انتہا پسندی سے بچنا چاہئے؟ کس طرح محنت کش طبقے کی روز مرہ کی جدوجہد اور مطالبات کو سوشلسٹ انقلاب کے ساتھ جوڑا جائے؟ لینن کی یہ کتاب انہی سوالات کا تفصیلی جواب فراہم کرتی ہے۔

Leftwing Communism an Infantile Disorder by VI Lenin Urdu edition title (2)
نئے اردو ایڈیشن کا سرورق

لینن نے یہ کتاب 1920ء کے اپریل اور مئی میں تحریر کی تھی اور پہلی بار جون 1920ء میں ہی روس سے شائع ہوئی۔ پاکستان میں یہ کتاب اردو میں دوسری بار طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز کی جانب سے تقریباً 15 سال بعد شائع کی جا رہی ہے۔ نئے ایڈیشن میں پروف ریڈنگ کے دوران ترجمے کو مزید آسان فہم اور جامع بنانے کی ہر ممکن کاوش کی گئی ہے۔ اس کتاب میں لینن نے درجنوں جگہوں پر مختلف سیاسی مظاہر، شخصیات اور پارٹیوں کا حوالہ دیا ہے جن کی تشریح بوقت ضرورت چوکور بریکٹوں میں کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ابہام سے بچنے کے لئے کچھ پیچیدہ یا ہمہ رخی اصطلاحات کا انگریزی ترجمہ بھی ساتھ لکھا گیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری یہ کاوش کتاب کی روح کو سمجھنے میں قارئین کی معاون ثابت ہوگی۔

PDF فارمیٹ میں کتاب ڈائون لوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کریں۔