جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام پاچھیوٹ اور علی سوجل میں ریلیاں اور جلسے

| رپورٹ: JKNSF |

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام 30 جون کو پاچھیوٹ اور یکم جولائی کو علی سوجل میں افطار کے بعد احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ جلسے کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے منعقد کئے گئے جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام نے عوام کے زندگیوں کو عذاب بنا رکھا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، کرپشن، لوٹ مار، اقرباپروری اور دیگر سماجی برائیاں اس نظام کی دین ہیں۔ اس زوال پذیرہوتے نظام میں کشمیر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کشمیر میں ایک نئی نسل جوان ہو رہی ہے جسے اپنے بزرگوں کی نسبت یورپ اور مشرق وسطیٰ میں اعلیٰ معیار زندگی حاصل کرنے کا خواب بھی میسر نہیں کیونکہ سرمایہ داری کے اس بحران نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ایک سروے کے مطابق اگلے پانچ سالوں میں اس خطہ میں تین لاکھ نوجوان روزگار کی عمر کو پہنچیں گے۔ تعلیم کا معیار یہ ہے کہ سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچے اردو کی کہانی پڑھنے کے قابل بھی نہیں اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے نام پر تعلیم کا دھندہ بھی اپنے عروج پر ہے۔ یونیورسٹیوں میں ہر سال فیس میں اضافے کے باعث اعلیٰ تعلیم تک رسائی ناممکن ہوتی جا رہی ہے۔ جہاں سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں وہیں علاج کا دھندہ بھی تعلیم کے دھندہ کے طرح منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ بوسیدہ انفراسٹرکچر کے باعث ٹریفک کے حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ قدرتی حسن سے مالامال خطے میں زندگی موت کا رقص پیش کر رہی ہے۔ ایسے میں ہمیں کشمیر کے انتخابات میں حصہ لینے والی تمام جماعتیں مسائل کا حل تو دور ان پر بات کرنا بھی گوارا نہیں کرتیں، اس کے برعکس وہ ایک دوسرے پر لعن طعن پر زیادہ توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال میں JKNSF نوجوانوں کا واحد انقلابی رجحان ہے جس نے ان کے اوچھے ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا ہے۔ وہ وقت دور نہیں کہ عوام ان لٹیروں کو شکست فاش دے کر بزور طاقت ان حکمرانوں کو ان کے ایوانوں سمیت اکھاڑ کر پھینکے گی۔
مقررین میں JKNSF کے مرکزی صدر بشارت علی خان، سابق مرکزی صدر راشد شیخ، مرکزی سینئر نائب صدر خلیل بابر، مرکزی چیئر مین سٹڈی سرکل زاہد عارف، چیئرمین این ایس ایف ضلع پونچھ التمش تصدق، ممبر سی سی این ایس ایف عادل بشیر، سیکرٹری جنرل ضلع پونچھ سہیل اسماعیل، مرکزی رہنما این ایس ایف شاہد اکبر، مرکزی چیف آرگنائزر تنویر انور، آرگنائزر بی این ٹی راولپنڈی آصف رشید، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری این ایس ایف کاشف رشید، مرکزی ایڈیٹر عزم دانیال عارف، جنرل سیکرٹری این ایس ایف ہجیرہ ارسلان شانی، نائب صدر این ایس ایف راولپنڈی برانچ شفقت رحمداد، تحصیل راولاکوٹ صدر این ایس ایف طفیل، جنرل سیکرٹری علی سوجل سٹی یونٹ اقسان، ذیشان خان، طاہر اور دیگر نے خطاب کیا۔