| رپورٹ: PTUDC سیالکوٹ |
فارورڈ گیئر ورکرز یونین کے خلاف سرمایہ داروں کی پشت پناہی سے سیالکوٹ ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر ملک بشارت ایک بار پھر سرگرم ہو چکا ہے۔ اس بار لیبر آفیسرنے لیبر کورٹ میں یونین کی منسوخی اوریونین انتخابات 2016ء کو کالعدم قرار دینے کے لئے کیس بنا کر دائر کر دیا ہے۔ محمد علی بٹ اور مشتاق شہزاد کی قیادت میں فارورڈ گیئر ورکرز یونین ایک لمبے عرصے سے مزدور حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، ان کی یونین کی جدوجہد کی وجہ سے پورے سیالکوٹ میں فارورڈ گیئر کا ورکر سب سے زیادہ سہولیات پانے والا ورکر بن چکا ہے۔ ان کی جدوجہد کے اثرات دیگر فیکٹریوں تک بھی پہنچ رہے ہیں جس کی واضح مثال حال ہی میں لیدر فیلڈ سیالکوٹ میں ہونے والی ہڑتال ہے۔
لیدر فیلڈ محنت کشوں کے لئے ایک عقوبت خانہ سے کم نہیں جہاں پر محنت کشوں سے غلاموں کی طرح کام لیا جاتاہے۔ لیبر قوانین کی دھجیاں اڑانے کے ساتھ ساتھ محنت کشوں کو ڈرایا دھمکایا جا تا ہے جس سے فیکٹری میں خوف کی فضا قائم ہے۔ حال ہی میں مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف محنت کشوں نے ہڑتال کر دی۔ ان کے مطالبات میں تین ماہ سے غیر ادا شدہ تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایا جات کی فراہمی شامل تھی۔ اس ہڑتال میں کلیدی کردار PTUDC نے ادا کیا تھا اور PTUDC کے پلیٹ فارم پر ہی فارورڈ گیئر یونین کی یکجہتی لیدر فیلڈ کے محنت کشوں کی جدوجہد میں شامل ہوئی۔ اس ایک روزہ ہڑتال کے آخر پر مالک اکمل چیمہ نے تمام مطالبات منظور کر لئے تھے اور اپنے ہاتھوں سے تحریری معاہدہ کیا تھا لیکن مالک کو اپنی ذلت برداشت نہیں ہوئی تو اس نے اپنے محنت کشوں کو دوبارہ ہراساں کرنا شروع کر دیا لیکن جب وہ ثابت قدم رہے تو اس نے انتقامی حربو ں کے طور پر علی بٹ پر تھانہ ایئر پورٹ سمبڑیال میں صنعتی ماحول کو خراب کرنے کے جرم کی ایف آئی آر کٹوا دی۔ ساتھ ہی لیبر آفس میں بھی ان کی یونین کے خلاف درخواست دے دی۔ فارورڈ گیئر ورکرز یونین کے یونین انتخابات رواں سال مورخہ دو مئی بروز سوموار فیکٹری میں منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں فیکٹری ورکرز نے ووٹ ڈالے۔ ان انتخابات کا شیڈول ایک ہفتہ سے فیکٹری میں آویزا ں کیا گیا تھا جس میں کوئی بھی فیکٹری ورکر انتخابات میں حصہ لے سکتا تھا۔ انتخابات کے دوران ورکرز میں کافی جوش و خروش پایا گیا جنہوں نے اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انتخابات کے لئے برائے صدارت محمد علی بٹ، سینئر نائب صدرشاہ شمس تبریز، نائب صدرمحمد یاسین، نائب صدر دوئم امانت علی اور جنرل سیکرٹری شہزاد مشتاق و دیگر شامل تھے۔ ان کے مقابلہ میں فیکٹری انتظامیہ نے اپنا کوئی امیدوار نہ کھڑا کیاجس کے بعد انتخابات کے روز الیکشن کمیشن یونین الیکشن نے محمد علی بٹ کے پینل کو بلامقابلہ کامیاب قرار دے دیا۔ انتخابات میں یونین کے تقریباً 1100 ورکرز نے حصہ لیا اور اپنی قیادت پر اعتماد کیا۔ ماضی میں بھی یونین کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع کیا گیا اس میں شاید ہی سیالکوٹ و گوجرانوالہ ضلع کا کوئی تھانہ ہو جہاں ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر نہ کاٹی گئی ہولیکن ہر جگہ پر سرمایہ داروں کو شکست ہوئی کیونکہ یونین کے سچے موقف پر کوئی بھی اس کے خلاف قدم نہ اٹھا سکا۔
لیبر آفیسر ملک بشار ت ایک کرپٹ، راشی اور سرمایہ داروں کا دلال ہے جس کا کام سارا دن صرف فیکٹریوں میں لیبر قوانین کی دھجیاں اڑانے میں مگن سرمایہ داروں کو قانونی تحفظ دینا ہے۔ پچھلے سال ملک بشارت کو ٹرانسفر کر دیا گیا تھا لیکن سرمایہ داروں کی پشت پناہی کی وجہ سے اسے دوبارہ سیالکوٹ تعینات کیا گیا۔ یونین کے عہدے داروں کے خلاف بے بنیاد الزامات کو بنیاد بنا کر لیبر آفیسر نے اس بار دوبارہ یونین کو ختم کرنے کے لئے درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ اس سے پہلے بھی یہ ایسا قدم اٹھا چکا ہے لیکن ورکرز کے نڈر حوصلوں اور قیادت کے لائحہ عمل کی وجہ سے عدالتی فیصلہ بھی یونین کے حق میں آیا اور لیبر آفیسر کو وارننگ دی گئی۔ فیصل آباد میں ملک بشارت کے خلاف انکوائری چل رہی تھی، اس کو بھی دبا دیا گیا بلکہ اس کو اگلے گریڈ میں ترقی بھی دی گئی۔ اس سلسلے میں لیبر سیکرٹری پنجاب تک بھی یونین نے رسائی کی لیکن سیکرٹری لیبر کے احکامات کو بھی ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر نے ہوا میں اڑا دیا۔ ظلم کی بات تو یہ کہ سیالکوٹ شہر کا تمام میڈیا اور چیمبر آف کامرس سمیت لیبر ڈیپارٹمنٹ بھی مزدور جدوجہد کی اس آواز کو کچلنے کے لئے مصروف عمل ہے۔ نام نہاد’محنت کشوں کا نمائندہ‘ PWF کا ضلعی صدر چوہدری اشرف بھی سرمایہ داروں کی پشت پناہی سے اس سازش میں یونین کے خلاف سر گرم عمل ہے۔ حالانکہ فارورڈ گیئر یونین باقاعدہ طور پر PWF کی ممبر ہے لیکن ضلعی قیادت نے بھی اس کے خلاف لیبر ڈیپارٹمنٹ میں درخواستیں دے دی ہیں۔
آج مورخہ 20 مئی کو فارورڈ گیئر یونین کی جنرل باڈی کا اجلاس فیکٹری میں منعقد ہوا جس میں حالا ت کا جائزہ لینے کے بعدمتفقہ قراردار میں یونین کی قیادت پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کی گئی اور سیالکوٹ کے مزدوروں کے معاشی قاتل ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر ملک بشارت کو فی الفور بر طرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر صدر محمد علی بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ دار نہیں چاہتے کہ مزدور کو اپنا حق مل سکے لیکن ہم ا ن کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں جتنا بھی تھانے کچہریوں میں الجھاؤ گے اتنا ہی ہم مزید مضبوط ہو کر جدوجہد تیز کریں گے۔ ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں، ہم محنت کشوں کے لئے ایک لمبے عرصہ سے سرگرم عمل ہیں، اس دوران ہم کسی لالچ یا دباؤ کے تحت اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے اور اس جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے مزدور راج کے قیام تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
اس ساری کیفیت میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اس لڑائی میں فارورڈ گیئر کے محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پی ٹی یو ڈی سی مطالبہ کرتی ہے فی الفور ملک بشارت ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر کو برطرف کرتے ہوئے یونین کے خلاف تمام جھوٹے پرچے خارج کئے جائیں۔ اگر علی بٹ یا کسی بھی ورکر پر آنچ آئی تو پورے پاکستان میں انتظامیہ اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا اور حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔