پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور دوسری مزدور تنظیموں کے زیر اہتمام شمالی پنجاب کے مختلف شہروں میں یوم مئی پر جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
راولپنڈی
رپورٹ: زاہد عارف
پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC ) اورآل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیراہتمام یوم مئی کے موقع پر ریلی اور جلسہ کا اہتمام یکم مئی بروز اتوار دن 11 بجے راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ میں کیا گیا۔ جلسہ میں میونسپل لیبر یونینTMA راولپنڈی، پاکستان فیڈرل یونین آف جنرنلسٹس(PFUJ)، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF )، پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، آل پاکستان مزدور اتحاد یونین OGDCL، بے روزگار نوجوان تحریک (BNT)، ایپکا، PWD ورکرز یونین، پروگریسو یوتھ الائنس(PYA)، ریلوے لیبر یونین، ریلوے محنت کش یونین، عوامی ورکرز پارٹی اورواپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے محنت کشوں اور کارکنان نے ریلیوں کی شکل میں شرکت کی۔
مقررین نے شہدائے شکاگو کو خراج تحسین پیش کیا اور نجکاری اور سرمایادارانہ استحصال کے خلاف متحد ہو کر لڑنے کا عزم کیا۔ مقررین میں کامریڈ چنگیز مرکزی رہنماPTUDC، شہزاد کیانی مرکزی رہنما ایپکا، ملک عدالت صدر ایپکاراولپنڈی، جاوید بلوچ چیئر مین ہائیڈرو یونین آئیسکو، ملک فتح خان زونل چیئرمین ہائیڈرو یونین، راجہ عمران ریلوے لیبر یونین، آغا علی رضا علوی صدر یونین آف جرنلسٹس، بلال ڈار جنرل سیکرٹری پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پرویز چیدا چیئرمین میونسپل لیبر یونین، آصف رشید PYA، عالیہ امیر علی عوامی ورکرز پارٹی اور زاہد عارف مرکزی رہنما JKNSF نے خطاب کیا، جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اکرم بندہ نے ادا کیے۔ پروگرام کے اختتام پر پریس کلب سے مری روڈ تک مشترکہ ریلی نکالی گئی۔
راولپنڈی (ریلوے)
رپورٹ: سہیل اختر
ریلوے لوکو شیڈ میں ریلوے لیبر یونین اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) کے زیرِاہتمام یوم مئی کے موقع پر سیمیناریکم مئی بروز اتوار صبح 7 بجے منعقد کیا گیا۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آج بھی محنت کش جن انتہائی نامساعد حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں ان کی بہتری کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم محنت کشوں کو منظم کرتے ہوئے حکمرانوں اور سرمایہ داروں سے اپنے حقوق چھیننے کے لیے آگے بڑھیں۔ ریلوے لیبر یونین کے مرکزی صدر ملک سلیم رضا اعوان نے کہا کہ ریل کے مزدوروں کی اپ گریڈیشن، کواٹروں کے مسائل، انتظامیہ کی بدمعاشی کے خلاف پورے پاکستان میں ریلوے لیبر یونین تحریک کا آغاز کرے گی۔ دیگر مقررین میں احمد حسین بٹ صدر لیبر یونین واشنگ لین، راجہ خالد محمودجنرل سیکریٹری واشنگ لین، کامریڈ سہیل اختر (PYA راولپنڈی)، کامریڈ راجہ عمران ایڈیشنل جنرل سیکرٹری لیبر یونین، آصف رشید رہنما PYA، راجہ ریاض، چوہدری آفتاب اور جمیل خان نے خطاب کیا۔
واہ کینٹ
رپورٹ: ثاقب سہیل
یکم مئی بروز اتوار شام 5 بجے واہ کینٹ میں ورکمین ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام شہدائے شکاگو کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شہدا چوک سے ولفیئر گراؤنڈ تک ریلی نکالی گئی۔ گراؤنڈ میں پہنچ کر ریلی نے جلسہ عام کی شکل اختیار کر لی۔ ریلی اور جلسہ میں دو ہزار کے قریب مزدوروں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کامریڈ چنگیز تھے جبکہ تقریب کی صدارت ورکمین ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حافظ اسلم تصدق نے کی۔ پروگرام میں ورکمین ایسوسی ایشن کے تمام سابقہ صدور نے بھی شرکت کی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کلریکل ایسوسی ایشن پی او ایف واہ کے صدر چوہدری شاہد انور نے کہا کہ شکاگو کے مزدوروں کی قربانی کا سبق یہ ہے کہ مزدور کی لڑائی طبقاتی ہے۔ محنت کش جب بھی میدان عمل میں آتا ہے تو وہ ہر طرح کے جبر کو شکست سے دو چار کرتا ہے۔ آج یہ نظام ہر طرف موت بانٹ رہا ہے، کسی کے پاس اس بربریت کے خلاف لڑنے کی اگر طاقت موجود ہے تو وہ محنت کش طبقہ ہے۔ اس نظام میں محنت کش طبقے کے لیے کچھ نہیں سوائے غربت، جہالت اور استحصال کے، اس کو شکست دینا مزدور طبقے کا فریضہ ہے۔
ورکمین ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری طاہر حمید بٹ نے POF انتظامیہ کے سامنے مطالبات رکھے اور محنت کشوں کو یقین دلایا کہ ہم ان مطالبات کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مہمان خصوصی جوائنٹ سیکرٹری پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کامریڈ چنگیز ملک نے عالمی سطح پر سرمایہ داری کے بحران اور اس کے نتیجے میں مزدور طبقے پر ہونے والے حملوں کی وجوہات پر تفصیلی بات رکھی۔ انہوں نے پی او ایف کے محنت کشوں کی لازوال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب مزدور ہی اس ملک کے مقدر کو بدلنے کی ذمہ داری لے سکتا۔ نجی ملکیت پر مبنی اس نظام کا خاتمہ کر کہ ایک مزدور راج قائم کر کہ ہی محنت کش طبقہ اپنے مسائل کا مستقل حل نکال سکتا ہے۔ یہی یوم مئی کا پیغام ہے۔ ورکمین ایسوسی ایشن کے صدر اسلم تصدق نے کہا کہ یوم مئی نہ تو سوگ کا دن ہے اور نہ ہی خوشی کا دن ہے بلکہ یہ سوچنے کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں ترغیب دیتا ہے کہ ہم پہچان کریں کہ ہماری طاقت کیا ہے؟ ہماری لڑائی کیا ہے؟ آج کا دن انقلاب کے پیغام کا دن ہے، شہدائے شکاگو نے اپنی قربانی سے ہمیں سبق دیا کہ ہماری لڑائی طبقاتی لڑائی ہے۔ آج ہم نے ایک نئی روایت قائم کی ہے، آج کوئی جرنیل، کوئی وزیر یوم مئی کے پروگرام میں مہمان نہیں بلکہ آج مزدور مہمانان خصوصی ہیں۔ آج کے دن ہم عہد کریں گے کہ ہم غربت بھوک، بیماری، بیروزگاری، لاعلاجی اور استحصال کے خاتمہ تک اپنی لڑائی جاری رکھیں۔ پروگرام کا اختتام ایک مزدور کے انقلابی ترانے کے ساتھ کیا گیا۔
جنڈ (اٹک)
رپورٹ: وسیم بھٹی
پریس کلب میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) کے زیرِاہتمام یومِ مئی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے ساتھیوں کے علاوہ واپڈا ہائیڈرویونین، ٹیچرز یونین، پوسٹ آفس، OGDCL، ریلوے اور دیگر اداروں کے محنت کشوں نے شرکت کی۔
مقررین میں PTUDC کے رہنما کامریڈ اعجاز، صفدر عباس (ٹیچرز یونین)، حفیظ اللہ ملک، طلعت رشید ایڈووکیٹ، کامریڈ خالد محمود، کامریڈ وسیم اور کامریڈ زبیر خورشید شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ مزدوروں کو اپنے پرولتاری نظریات کو اپناتے ہوئے اس طبقاتی نظام کے خلاف ایک منظم جدوجہد کرنا ہو گی، یہی ان کے حقوق اور حتمی نجات کی ضامن ہے اور یہی آج کے دن کا پیغام ہے۔
اٹک
رپورٹ: ظہیر ملک
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اورPWD ورکرزیونین کے زیرِاہتمام عالمی مزدور ڈے کے موقع پر یکم مئی بروز اتوار زیارت پارک میں صبح 9 بجے جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی ریاض بھٹی مرکزی رہنما PWD ورکرز یونین تھے اور صدارت PTUDC کے رہنما کامریڈ پرویز ملک نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ایپکا اٹک کے رہنما زاہد خان نے ادا کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں رانا فیصل علی خان (چیئرمین PWD)، رانا اکرم (ریلوے)، امداد اعوان (رہنما PWD) اور منظور الٰہی، نور محمد (صدر ایپکا)، ریاض بھٹی اور پرویز ملک نے کہاکہ آج کادن تجدید عہد کا دن ہے، شکاگو کے مزدوروں کی جدوجہد کو مشعل راہ بناتے ہوئے مزدور راج کے قیام کے لیے جدوجہد کو تیزکرنا ہوگا۔ جلسہ کے اختتام پر زیارت پارک سے فوارہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔