| رپورٹ: کامران خالد |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام مورخہ 13 فروری کو یوم شہدائے چکوٹھی کے موقع پر تحصیل ہجیرہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہنگائی، بے روزگاری، طبقاتی نظام تعلیم، طلبہ یونین پر عائد پابندی اور نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی شہر بھر کا چکر لگانے کے بعد ڈگری کالج ہجیرہ گراؤنڈ میں اختتام پذیر ہوئی۔ بعد از ریلی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس سے مرکزی صدر جے کے این ایس ایف بشارت علی خان، مرکزی چیف آرگنائزر تنویر انور، مرکز ی ڈپٹی جنرل سیکرٹری کاشف رشید، ضلعی چیئرمین التمش تصدق، مرکزی سیکرٹری مالیات تیمور سلیم، مرکزی ایڈیٹرعزم دانیال عارف، راولپنڈی برانچ کے چیئرمین واجد اصغر، سینئر رہنما ابرار لطیف، نائب صدر راولپنڈی برانچ رضوان نور، نومنتخب صدر تحصیل ہجیرہ کامران خالد، ارسلان شانی، ارباز گلشن اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) خطہ میں موجود عوامی مسائل کے خلاف سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کر رہی ہے، آج سرمایہ دارانہ نظام کے گہرے ہوتے ہوئے بحران نے نوجوانوں سے نہ صرف بہتر مستقبل کی آس چھین لی ہے بلکہ وہ نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ جیسی عوام دشمن پالیسیوں کا نشانہ بن رہے ہیں، دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کا معاشی پروگرام ایک ہی ہے، وہیں قوم پرست نظریات رکھنے والوں کی متروک پالیسیاں بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہوئی ہیں، سطح کے نیچے بے چینی اور ہلچل بھی سماج میں ضرور موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک انقلابی پارٹی کی قیادت محنت کشوں اور نوجوانوں کو فراہم کی جائے تاکہ اس خطے سے قومی محرومی اور سرمائے کی غلامی سمیت تمام اذیتوں کا خاتمہ کیا جا سکے، مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد کو ہم تب ہی حقیقی معنوں میں منطقی انجام تک پہنچا سکتے ہیں۔ قبل ازیں تحصیل ہجیرہ کی نو منتخب کابینہ کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق کامران خالد صدر، جالب امیر نائب صدر، ارسلان شانی جنرل سیکرٹری، سعد شیراز ڈپٹی جنرل سیکرٹری، فیضان عزیر آرگنائزر، فیصل جاوید سیکرٹری مالیات، صدام سیکرٹری نشرو اشاعت، عمران افسر جوائنٹ سیکرٹری، وقار یونس چئیرمین سٹڈی سرکل منتخب ہوے۔ نومنتخب کابینہ سے ضلعی صدر التمش تصدق نے حلف لیا۔