راولپنڈی: پی آئی اے میں ہڑتال کا ساتواں دن

| رپورٹ: وقاص ملنگی |

پی آئی اے کے ملازمین پروحشیانہ تشد داور قتل عام کے تقریباً ایک ہفتے بعد بھی پی آئی اے کے محنت کشوں کے جذبے اورحوصلوں میں کمی نہی آئی۔حکومت کی طرف سے مختلف طریقوں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک کو زائل کرنے کی کوششیں بھی جار ی ہیں لیکن جوائنٹ ایکشن کمیٹی اس تحریک کومنظم رکھنے میں اب تک کامیاب رہی ہے۔اس تحریک کو استعمال کر کے جہاں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتیں اپنی دکانداری چمکانے کی کوشش کر رہی ہیں وہیں مختلف ٹریڈ یونین تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کے نمائندگان وقفے وقفے سے پی آئی اے کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آ رہے ہیں۔ ان تنظیموں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC)، واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین، میونسپل لیبر یونین راولپنڈی، اٹک آئل ریفائنری ایمپلائز یونین، او جی ڈی سی ایل مزدوردوست یونین، سوئی گیس کی مزدور یونین، پاکستان ورکرز فیڈریشن ، ریلوے لیبر یونین، ریلوے محنت کش یونین، سٹیٹ بینک یونین، پی ٹی سی ایل ورکرز فیڈریشن، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مزدور شامل ہیں۔ تمام محنت کشوں اور مزدور رہنماؤں نے نجکاری، ریاستی تشدد اور قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے کارکنان گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل پی آئی اے کے احتجاج میں ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دو فروری کی ریاستی وحشت کے بعد PTUDC نے ایک واضح موقف رکھا ہے کہ اب یہ تحریک صرف اسی صورت میں کامیاب ہو سکتی ہے کہ تمام مزدور فیڈریشنز اور کنفیڈریشنزیکجا ہو کر ایک روزہ عام ہڑتال کی کال دیں اور وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کے خاتمے کا واضح مطالبہ کیا جائے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے PTUDC اور PYA کے کامریڈز لیف لیٹ، پرچے اور تقاریر کے ذریعے نجکاری کی پالیسی کے یکسر خاتمے، ہر سطح پر تمام اداروں کے مابین مزدور اتحاد، کلیدی اداروں اور شعبوں کی نیشنلائزیشن اور مستقل روزگار کی ضمانت جیسے مطالبات بلند کر رہے ہیں۔ PTUDC کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چنگیز ملک، ریلوے کے مزدور رہنما راجہ عمران، PTUDC راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری اسحاق میر اور PYA سے آصف رشید نے پی آئی اے کے محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام اداروں میں نجکاری کے خلاف تحریکوں کو جوڑ کر ہی حکمرانوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔