| رپورٹ: PTUDC کوٹ ادو |
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC)، پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) اور پاکستان پیپلز پارٹی کوٹ ادو کے کارکنان کی جانب سے نجکاری کے خلاف پریس کلب کوٹ ادو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کوٹ ادو کے جنرل سیکرٹری علی اکبر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی مزدور دشمن پالیسیاں انکی سرمایہ دارانہ سوچ کی عکاس ہیں، قومی اداروں کی نجکاری کی بجائے ان اداروں کو مزدوروں کی جمہوری تحویل میں دیاجائے۔
اس موقع پر PSF جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات انجینئر واصف کا کہنا تھا کہ PIA کی نجکاری کی بجائے جو طیارے وفاقی وزرا اور وزیراعظم کی شاہ خرچیوں پر مامور ہیں انکو فوری طور پر ادارے کو واپس کیاجائے اور گراؤنڈ طیاروں کو فوری طور پر آپریشنل کیا جائے۔ ذوالفقار بلوچ، قاسم شہزاد،عارف خان، حمید اختر، شفقت علی، ملک نیاز، رضا خان گرمانی، شاہد انجم، شہریار، اعظم خان قیصرانی و دیگر نے بھی مظاہرین خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے اس عوام دشمن عمل نے مغرب کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی بے روزگاری، مہنگائی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا، اب سامراجی طاقتیں پاکستان میں اپنے گماشتہ حکمرانوں کے ذریعے نجکاری کے عمل کو تیز کر رہی ہیں، پی آئی اے کے محنت کشوں کی نجکاری کے خلاف شاندار تحریک نے ثابت کر دیا ہے کہ حکمرانوں کی لوٹ گھسوٹ اب نہیں چلے گی۔