فیسکو کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا

| رپورٹ: نعمان زاہد |

18 نومبر بروز بدھ فیصل آباد میں فیسکو کے محنت کشوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور ضلع کونسل کے سامنے دھرنہ دیا۔ ریلی کے دوران راستے میں عابد شیر علی کے گھر کے سامنے دھرنا دیا گیا اور حکومت اور نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ضلع کونسل پہنچنے پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ واپڈا کی قلم چھوڑ ہڑتال جاری ہے، اس کے علاوہ میٹر ریڈنگ اور بلوں کی سرکولیشن بھی نہیں ہو رہی۔ مقررین نے آخری سانس تک نجکاری کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا اور تمام مزدوروں اور قیادت نے آخر تک لڑنے کا حلف اٹھایا۔ سرفراز ہندل نے کہا کہ ہفتے کے روز فیصل آباد میں مرکزی قیادت کی میٹنگ ہو گی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے پائے گا، بجلی بند کرنا ہمارا آخری ہتھیار ہو گا جس کا ہم وقت آنے پر ضرور استعمال کریں گے۔پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) کے وفد نے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اور مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جس پر واپڈا کے محنت کشوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے PTUDC اور PYA کے پلے کارڈز خود اٹھا لئے۔