| رپورٹ: سقراط لُنڈ |
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) ملتان کے زیر اہتمام بالشویک انقلاب کی سالگرہ پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت واپڈا ہائیڈروورکرزیونین کے رہنما طارق چوہدری نے کی۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض PTUDC کے ریجنل آرگنائزر ندیم پاشا نے سرانجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) کے مرکزی آرگنائزر عمران کا میانہ، PLF کے رہنما الیاس خان، PYA ملتان کے ذیشان شہزاد اور طارق چوہدری نے کہا کہ 98 سال پہلے روس کے محنت کشوں نے جبرواستحصال کے خلاف بالشویک پارٹی کی رہنمائی میں جدوجہد کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب برپا کرکے یہ ثابت کیا تھا کہ سماج کو چلانے اور اس کو تبدیل کرنے کی صلاحیت صرف محنت کش طبقے کے پاس ہے۔ سوویت یونین کے محنت کش طبقے نے منصوبہ بند معیشت کے ذریعے سماج کی مفلوک الحال اور تباہ کن حالت کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا، یورپ اور امریکہ میں جو ترقی300 سال میں حاصل کی گئی تھی اس کے مقابلے میں سوویت یونین میں وہ ترقی اور صنعتکاری صرف تین دہائیوں میں حاصل کی گئی، بالشویک انقلاب کے بعد تعلیم اور علاج کے کاروبار کو جرم قراردیا گیا اور بے روزگاری کا خاتمہ کرکے رہائش، بجلی، گیس کی سہولیات انتہائی کم قیمت پر ہر شہری کو فراہم کی گئیں۔ سپیس ٹیکنالوجی، صنعت وحرفت اور میڈیکل سائنسز میں ترقی کی شرح یورپ اور امریکہ سے کہیں زیادہ تھی۔اس موقع پر انقلاب کی زوال پزیری، سٹالنزم کے ابھار اور سوویت یونین کے انہدام کی وجوہات بھی زیر بحث آئیں۔ مقررین نے کہا کہ آج پاکستان کا محنت کش طبقہ جن مسائل میں مبتلا ہے ان سے نکلنے کا واحد راستہ بھی صرف ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے منصوبہ بند معیشت کو نافذ کرکے ہی ممکن ہے، تعلیم اور علاج کے کاروبار کے ذریعے تعلیم کے دروازے عوام پر بند کردیے گئے ہیں اور لوگوں کو لاعلاجی میں مبتلاہو کر مرنے پر مجبورکردیاگیاہے۔ حکمران طبقہ واپڈا، PIA،اسٹیل ملز سمیت دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کے ساتھ ساتھ اب سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری پر اتر آیا ہے، اس سے بھوک اور افلاس میں مزید اضافہ ہی ہوگا ۔محنت کش طبقے کو متحد اور منظم ہو کر ان سرمایہ داروں، IMF اور World Bank کے ایجنٹوں کے خلاف لڑائی لڑنا ہوگی اور سوشلسٹ انقلاب برپا کرکے اس جبر واستحصال کا خاتمہ کرنا ہو گا۔







