فارورڈ گیئر سیالکوٹ: مزدور یونین کے خلاف انتظامیہ کا ایک اور حملہ

| رپورٹ: PTUDC سیالکوٹ |

فارورڈ گیئر کے محنت کش اپنے حقو ق کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں جس کے بعد انتظامیہ کی طرف سے ان پر نہ رکنے والے حملوں کاآغاز کیا جا چکا ہے۔

11825568_10152971283631837_32605668777993683_n
انتظامیہ کی طرف سے جاری کیا جانے والا نوٹس

جب لالچ، دباؤ اور پولیس کی دھونس کام نہ کر سکی تو انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ لیبر ڈیپارٹمنٹ سے ساز باز کر کے نئی پاکٹ یونین رجسٹر کروائی، اس سلسلے میں محنت کشوں سے زبردستی نئی یونین کی ممبر شپ کے لئے خالی کاغذ پر دستخط کروائے گئے ۔ اس کے خلاف محنت کشوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر سیالکوٹ ملک بشارت نے انتظامیہ کے گماشتے کا کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف یونین کو بغیر کسی تصدیق کے رجسٹر کیا بلکہ اسکو راتوں رات CBA سٹیٹس کا نوٹیفکیشن ایشو کر دیا۔ فیکٹری انتظامیہ نے جہاں پر اپنی پاکٹ یونین کو غیر قانونی طور پر CBA کا سٹیٹس دلوایا تو دوسری طرف محنت کشو ں کی حقیقی یونین پر جھوٹی انکوائریوں کو بنیاد بنا کر ان کی رجسٹریشن بھی معطل کر وا دی گئی۔ فیکٹری انتظامیہ نے پوری فیکٹری میں نوٹس آویزاں کئے اور محنت کشوں میں پروپیگنڈاشروع کر دیا کہ فارورڈ گیئر ورکرز یونین جس کے صدر علی بٹ ہیں وہ یونین ختم کر دی گئی ہے۔ لیکن ریاست پاکستان کے اپنے قوانین کے مطابق بغیر ریفرنڈم اور جعلی ممبر شپ کی بنیاد پر نئی یونین CBA کا سٹیٹس حاصل نہیں کر سکتی۔ فاورڈگیئر ورکرز یونین CBA کے صدر علی بٹ نے اس موقع پر کہا کہ یہ سراسر زیادتی اور غیر قانونی عمل ہے جس کے خلاف ہر محاذ پر لڑا جائے گا، اس کے بعد تمام نتائج کی ذمہ دار فیکٹری انتظامیہ ہو گی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اس موقع پر فاورڈ گیئر کے محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ لیبر آفیسر کے خلاف احتجاج کا اعلان کر تی ہے جس میں تمام ترقی پسند قوتو ں اور ٹریڈ یونین کو شامل ہونے کی اپیل کرتی ہے۔