سیالکوٹ: یوم مئی پر نجکاری مخالف احتجاج اور سیمینار

| رپورٹ: بابر پطرس، ناصر بٹ |

سیالکوٹ میں یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کی تنظیموں نے نجکاری کے خلاف احتجاج کیا اور سیمینار منعقد کئے گئے۔

واپڈا ہائیڈرویونین کی یوم مئی ریلی
سیالکوٹ میں یوم مئی کے موقع پر واپڈا ہائیڈرویونین کی طرف سے نجکاری اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں واپڈا کے محنت کشوں اور پی ٹی یو ڈی سی کے کارکنان نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز گیپکو کالونی سے ہوا جو کہ شہاب پورہ مین روڈ سے گزرتے ہوئے عالم چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
may day 2015 in sialkot (1)ریلی کے دوران واپڈا کے محنت کشوں نے نجکاری، آئی ایم ایف کی پالیسیوں اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔ بعد ازاں ریلی ایک جلسہ کی شکل اختیار کر گئی جس سے محمد رزاق زونل سیکرٹری اطلاعات، میاں محمد امجد ڈویژنل صدر سٹی نمبر1، ارشد خان ڈویژنل صدر سٹی نمبر2، عبدالرزاق جٹھول زونل چیئرمین، یعقوب کھوکھرزونل نائب چیئرمین اور پی ٹی یو ڈی سی سیالکوٹ کے صد ر ناصر محمود بٹ نے محنت کشوں سے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں سخت الفاظ میں نجکاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے سامنے حکمران مکمل سجدہ ریز ہیں مگر محنت کش تمام قومی اداروں کی نجکاری کے may day 2015 in sialkot (3)خلاف لڑائی اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ ہم محنت کش جو ہر موسم میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مگن ہیں جبکہ ہماری محنت کو نچوڑ کر یہ حکمران اپنی تجوریاں بھررہے ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محنت کش کی کم از کم اجرت ایک تولہ سونا کے برابر کی جائے اور تمام ادارے عوام کی ملکیت ہیں جن کو ہر گز سرمایہ داروں کو کوڑیوں کے بھاؤ بیچنے نہیں دیا جائے گا۔ اس موقع پر محنت کشوں نے ’’خورشید صاحب اک کم کرو، حکمراناں دی بجلی بند کرو‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔

پریس کلب میں ’کم از کم اجرت ایک تولہ سونے کے برابر ‘کے مطالبہ پر سیمینار
یوم مئی کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی طرف سے سیالکوٹ پریس کلب میں ’کم از کم اجرت ایک تولہ سونے کے برابر‘ کے مطالبہ پر سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مختلف فیکٹریوں کے محنت کشوں، طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔
may day 2015 in sialkot (7)پروگرام کے مہمان خصوصی پی ٹی یو ڈی سی جنوبی ایشیا کے سیکرٹری آدم پال اور مشہور لیبر وکیل و سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وحید بخاری تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عمر شاہد نے دیئے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ آدم پال نے کہا کہ آج کے عہد میں یوم مئی ایک اہمیت کا حامل ہے جہاں ایک طرف تمام سیاسی پارٹیاں سرمایہ دارانہ نظام کے سامنے سجدہ ریز ہیں تو وہیں پر سرمایہ دارانہ نظام اپنے تاریخی بحران سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کا حکمران طبقہ نجکاری کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کی وجہ سے محنت کشوں پر مزید حملے کئے جا رہے ہیں۔ بیروزگاری، مہنگائی، لاعلاجی کا حل موجودہ سرمایہ داری میں ممکن نہیں اس کا حل صر ف سوشلسٹ انقلاب میں ہی ہے۔
may day 2015 in sialkot (5)دیگر مقررین میں پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) سیالکوٹ کے عمیر، ڈسکہ سے ملک حسن، گوجرانوالہ سے اویس، لیکچرر اینڈ پروفیسر ایسوسی ایشن کے بابر پطرس، وحید بخاری اور سماجی کارکن کنیز فاطمہ شامل تھے۔ مقررین نے شکا گو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا کہ محنت کش کی کم از کم تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے۔ آخر میں موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے علامہ اقبال چوک پر ختم ہوئی جہاں تمام شرکا سوشلسٹ انقلاب تک ناقابل مصالحت جدوجہد کا عزم کرتے ہوئے منتشر ہو گئے۔