| رپورٹ: ڈاکٹر نجیب اللہ |
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور ورکرز یونین کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پلندری کے سینکڑوں محنت کشوں نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو پورے بازار کا چکر لگانے کے بعد ریسٹ ہاؤس پلندری میں ایک بڑے جلسہ کی شکل اختیار کر لی۔
محنت کشوں نے شہدائے شکاگو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اُنکی جدوجہد کو جاری رکھنے کا بھرپورعزم کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی سردار شاہد محمود خان تھے جبکہ صدارت سردارآصف خان (صدر پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین) نے کی۔ تقریب سے PTUDC کے محمد ظہیر خان، اشتیاق عباسی، سردارافضل شاہین، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب سدہنوتی سردارسلیم محمودخان، آفتاب احمدخان، ڈاکٹر نجیب اللہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں نے اپنی جدوجہد شکاگو کے شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جاری رکھی ہے، حکمران طبقہ امیر سے امیرتر ہوتا جا رہا ہے جبکہ غریب دن بدن کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکمرانوں نے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے اور چند سو خاندانوں نے اس ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے پچھلے سال یکم مئی کو پلندری میں تمام ورکچارج ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود وزیر اعظم کے اعلانات پر عمل نہ ہوسکا، اپنے حقوق کے لیے تمام محنت کشوں کو یکجا ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی، آج محنت کشوں کے خلاف تمام سامراجی قوتیں اکھٹی ہو چکی ہیں، ان ظالم حکمرانوں سے اپنے حقوق چھیننے کے لیے جنگ کرنی پڑے گی، اس مہنگائی کے دور میں ورکچارج ملازمین کو صرف 6 ہزار روپے تنخوا دی جار ہی ہے اور وہ بھی کئی ماہ تک نہیں ملتی جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ محنت کشوں نے مطالبہ کیا کہ تمام محنت کشوں کی تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے تاکہ مزدور کی زندگی بھی کچھ سہل ہو سکے۔