حب: یوم مئی کے موقع پر جلسے، جلوس اور ریلیاں

یوم مزدور کے موقع پر حب میں محنت کشوں نے جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا۔

گڈانی شپ بریکنگ کے محنت کشوں کی ریلی
رپورٹ: حاجی رسول بخش
گڈانی شپ بریکنگ کے ہزاروں محنت کشوں نے یکم مئی پر یونین صدر بشیر احمد محمودانی کی قیادت میں گڈانی سے ریلی کا آغاز کیا۔ ہزاروں افراد پر مشتمل یہ ریلی نیشنل ٹریڈ یونین کے صوبائی دفتر حب پر موجود محنت کشوں کے ساتھ مشترکہ جلوس کی شکل اختیار کر گئی اور حب شہر کا گشت کیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکا نے شکاگو کے شہیدوں اورگڈانی شپ بریکنگ میں دورانِ کام شہید ہونے والے سینکڑوں مزدوروں کو سرخ سلام پیش کیا۔ اس موقع پر مزدوروں نے نجکاری، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی، سرمایہ دارانہ نظام، ٹھیکیداری، مہنگائی اور صدیق سنز پلیٹس کے یونین رہنماؤں کی برطرفی، کم از کم تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر، مذہبی انتہا پسندی اور عورتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
Hub (1)بعد ازاں حب پر یس کلب پر ایک پرُزور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین میں احمد محمودانی، کامریڈ اللہ ورایہ لاسی، حافظ رسول بخش، یامین برفت، ابراہیم لاسی، اللہ بخش لاسی، اسد اللہ بلوچ اور حاجی فیض محمد سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس احتجاج کے بعد یہ جلوس نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے مرکزی جلوس میں شرکت کے لیے حب شہر سے امپریس مارکیٹ صدر کراچی پہنچا۔ PTUDC کے ایک وفد نے اس جلوس میں شرکت کی اور ان محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ یہاں سے یہ جلوس کراچی پریس کلب روانہ ہو گیا۔

اریگشن ایمپلائیز یونین کے زیر اہتمام مزدوروں کا جلسہ
رپورٹ: یامین برفت
اریگشن ایمپلائیز یونین کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے حب میں ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت زونل صدار عبد الواحد مینگل نے کی۔ مقررین میں جنرل سیکرٹری عبدالرحمٰن، سینئر نائب صدر عبدالستار، چیئر مین گل محمد، فنانس سیکرٹری عبدالحمید، پریس سیکرٹری محمد طاہر، آفس سیکرٹری رحیم بخش اور سر پرست اعلیٰ مولا بخش نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے محنت کشوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اریگیشن کے محنت کشوں کی تنخواہ میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ میڈیکل الاؤنس، ہاؤس رینٹ اور دیگر الاؤنسز میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اریگیشن کے محنت کش ادارے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور محنت کشوں نے دن رات محنت کر کے اپنے ادارے کی ترقی اور ملک کی خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے لہٰذا ادارے کے محنت کشوں کو فوراً ان کے حقوق ادا کیے جائیں۔
مقررین نے شکاگو کے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اریگیشن کے محنت کشوں کو یقین دلایا کہ تمام قائدین کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرتے۔ شکاگو کے شہدا کی قربانی کی بدولت آج پوری دنیا میں کام کے اوقات کار کم ہیں، اسی طرح ہماری جدوجہد صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہو گی۔

حب، تحصیل اتھل میںآل لسبیلہ مزدور اتحاد کی ریلی
رپورٹ: اللہ ورایو
آل لسبیلہ مزدور اتحاد کی جانب سے یوم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرتحصیل اتھل میں ایک زبردست ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں رکشہ یونین اور واپڈا کے محنت کش، کسان اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں سمیت محنت کشوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔
Hub (2)ریلی کی قیادت صدر ابراہیم گوندرہ اور میر وارث مگسی نے کی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شکاگو کے شہدا کو سرخ سلام اور مزدوروں کے مطالبات درج تھے۔ سینکڑوں رکشوں پر مشتمل ریلی BNR کے دفتر پہنچی۔ جلسے سے عبد الرحیم موندرہ، میر وارس مگسی، جنرل کونسلر پرکاش کمار جونیئر ٹیچر ایسوسی ایشن ضلع لسبیلہ کے رہنما محمد بخش لاسی، راجہ حمید اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکاگو کے شہیدوں نے محنت کشوں کے حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا جس پر آج ہم 129 سال بعد بھی انہیں یاد کرتے ہیں اور ان کی عظمت پر انہیں سرخ سلام پیش کرتے ہیں اور تجدید عہد کے اس دن کا پیغام ہے کہ مزدوروں اور کسانوں کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنی پڑے گی۔ آل لسبیلہ مزدور اتحاد کا یہ پلیٹ فارم محنت کشوں کو متحد کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔