رپورٹ: کامریڈ عمر:-
مورخہ6اپریل بروز جمعہ پروگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان ’’بحالی طلبہ حقوق‘‘ راولپنڈی میں منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر کامریڈ راشد شیخ، انقلابی کونسل فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے چیئرمین کامریڈ عمر رشید، بی این ٹی کی آرگنائزر کامریڈ ماہ بلوص، پی ایس ایف جنوبی پنجاب کے مرکزی رہنما کامریڈ شہریار زوق اور پراگریسو یوتھ آلائنس کے مرکزی آرگنائزر کامریڈ امجد شاہسوار نے شرکت کی۔ بی ایس او پجار کے جنرل سیکرٹری زبیر بلوچ اور پشتون ایس ایف کے صدر طارق افغان کے اظہار یکجہتی کے پیغامات پڑ کر سنائے گئے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ کسی بھی تحریک کا آغاز ہمیشہ نوجوانوں سے شروع ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں اٹھنے والی تحریکوں میں نوجوانوں کا ایک کلیدی کردار ادا کیا۔ اور یہ ثابت کیا کہ نوجوان اور محنت کش جب مل جاتے ہیں تو حکمرانوں کے تختے الٹ دیتے ہیں۔ اور آج ہم پی وائی اے کے پلیٹ فارم سے پورے پاکستان میں نوجوانوں کے پاس جارہے ہیں۔ تاکہ متحد ہو کر اس سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف جدوجہد کو منظم کرتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب برپا کیا جائے۔ کامریڈ عمر فاروق نے طلبہ حقوق کی بحالی کیلئے قرار داد یش کی جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، کامریڈ آصف نے یونی لیور انتظامیہ کی جانب سے مزدوروں پر کئے جانے والے وحشیانہ تشدد کیخلاف قرار داد پیش کی، تقریب کا باقاعدہ اختتام محنت کشوں کا بین الاقوامی گیت گا کر کیا گیا۔