| رپورٹ: ندیم پاشا |
واٹر مینجمنٹ ایمپلائز یونین کے زیراہتمام 10 سا ل سے کنٹریکٹ پر کا م کرنے والے ملازمین کو ریگولر نہ کئے جانے پر کام چھوڑ ہڑتال کا آغاز کر دیا۔ اسی سلسلہ میں آج پریس کلب ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے واٹر مینجمنٹ ایمپلائز یونین کے ضلعی صدرسعید گردیزی، جنرل سیکرٹری محمد شاہ، چوہدری عرفان، منور حسین، ندیم رزاق کھوہارا، تبسم اور PTUDC کے اسلم انصاری نے کہا کہ واٹر مینجمنٹ کے 1800 سے زائد ملازمین عرصہ 10 سال سے کنٹریکٹ ملازمین کے طور پر کام کرتے چلے آ رہے ہیں اور تا حال انہیں ریگولر نہیں کیا گیا ہے جو کہ سرا سر نا انصافی ہے۔ مقررین نے کہا کہ محکمہ اصلاح آبپاشی کے ملازمین کسانوں کی فصلوں تک پانی کی موثر فراہمی اور کم پانی سے بہتر پیداوار کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب ایک جانب آبپاش زراعت کی ترویج کے منصوبوں کی بات کر رہی ہے اور دوسری جانب آبپاشی ملازمین کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کر رہی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر واٹر مینجمنٹ کے ملازمین کو مستقل کیا جائے، سروس سٹرکچر دیا جائے اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ ہم پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جو کہ مطالبات کے پورا ہونے تک جاری رہے گا۔