واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ادارے کے محنت کشوں نے تین روزہ تالہ بندی کا اعلان کیا ہے جس کا آج پہلا دن ہے۔ اس موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) نے واپڈا کے محنت کشوں کے نام پیغام جاری کیا ہے جو شائع کیا جارہا ہے۔
واپڈاکے محنت کشو! نج کاری کی مزدور دشمن پالیسی کے خلاف آپ کی دلیرانہ جدوجہد اہم مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔ تالہ بندی اور ہڑتال کا ایک سے زیادہ دنوں کا یہ پروگرام یقینی طور پر مزدور تحریک میں ایک اہم موڑ ہے۔اس مرحلے پر ریاست اور نواز لیگ کی عوام دشمن حکومت کی طرف سے تحریک کو کمزورکرنے کے لئے مختلف قسم کے حربے اختیار کئے جائیں گے۔سب سے بڑا حملہ مزدوروں کو شیئرخریدنے اور خود مالک بننے کی ترغیب کی صورت میں ہوسکتا ہے جو ایک دھوکے اور سراب کے علاوہ کوئی حقیقت نہیں رکھتا۔دراصل اس نام نہاد ’’پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ‘‘ کا مقصد تحریک کو سبوتاژ کرکے، نج کاری مخالفت کا خاتمہ کرکے مزدوروں کو نج کاری کا حامی بنانا ہے۔طاقت کا استعمال اورریاستی مسلح اداروں کے استعمال کی دھمکیاں،محنت کشوں کو حراساں کرنے کی بجائے اور شکتی دیں گی۔مزدورجب لڑنے کے لئے نکلتے ہیں،جب وہ فرد سے اجتماعیت اور ہجوم سے ایک طبقے کی شکل اختیارکرتے ہیں تو پھر انکے سامنے بڑی سے بڑی طاقت ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے۔
محنت کشو! آئی پی پیز اورآئی ایم ایف کے تلوے چاٹنے والے حکمران ہر صورت میں نج کاری کرکے چھانٹیوں،کٹوتیوں اور مراعات کا خاتمہ کرکے مسقل مزدوروں کو بالآخر ٹھیکے داری نظام اور جاب کنٹریکٹ پر لے آئیں گے۔اس کا مطلب بجلی کے مزدوروں کی مکمل معاشی تباہی اور بربادی ہوگا۔اس مذموم سوچ اور پالیسی کو شکست دینا ضروری ہے۔جس عزم اور استقامت سے آپ نج کاری کے خلاف مہم چلارہے ہیں اگر اسی تسلسل کو برقراررکھتے ہوئے فیصلہ کن ایکشن کی طرف بڑھاگیا تو شکست حکمرانوں کا مقدر بنے گی۔تحریک کے اس مرحلے پر ملک بھر کے محنت کشوں کو اپنے ساتھ شامل کرنے سے واپڈا کا مزدوروہ طاقت اور اعتماد پاسکتا ہے جس کے بعد فتح یابی کے امکانات زیادہ واضح اور روشن ہوجائیں گے۔اوجی ڈی سی ایل،پی آئی اے،پاکستان اسٹیل ملز سمیت نج کاری کی زد میں آنے والے تمام اداروں اور دیگر نجی اور پبلک سیکٹر کے اداروں کے مزدوروں سے یکجہتی کی اپیل کرکے واپڈ ا کا مزدورناقابل شکست طاقت حاصل کرسکتا ہے۔ نجکاری کے خلاف اس جدوجہد کے ہر مرحلے میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم آپ کو ہر ممکن سیاسی و سماجی حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔
دنیا بھر کے محنت کشو! ایک ہوجاؤ، تمہارے پاس کھونے کو زنجیریں اور پانے کو پورا جہاں پڑا ہے۔