کراچی: بیروزگار نوجوان تحریک کا رجسٹریشن کیمپ

’’روزگار دو یا بیروزگاری الا ؤنس دو‘‘

[رپورٹ: منصور ابڑو]
مورخہ 7 ستمبر بروز اتوار دوپہر دو بجے سے رات 10 بجے تک نزد فٹبال گراؤنڈ سندھی گوٹھ پیپری بن قاسم ٹاؤن کراچی میں بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) کے زیر اہتمام ایک رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ سٹیل ٹاؤن، شاہ ٹاؤن، گلشن حدید سمیت پورے شہر سے BNT کے کارکنان کی شمولیت نے کیمپ کو بہت بارونق اور کامیاب بنا دیا۔ جس علاقے میں کیمپ لگایا گیا وہ ایک مرکزی بازار ہے جہاں شاہ ٹاؤن، مری گوٹھ، پیپری اور سندھی گوٹھ آپس میں ملتے ہیں۔ یہ ایک نہایت پر ہجوم علاقہ ہے جہاں محنت کشوں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔ سارا دن کیمپ میں بیروزگاروں اور محنت کشوں کی بڑی تعداد نے انفرادی طور پر اور گروپوں کی شکل میں کیمپ کا وزٹ کیا اور انتہائی اہم سیاسی اور معاشی موضوعات پر گرما گرم بحثیں ہوتی رہیں۔ خاص طور پر قومی سوال اور سرمایہ داری کی معاشی زوال پذیری بحث کے مرکزی نکات تھے۔ چونکہ علاقے میں مختلف قوم پرست پارٹیوں کا بہت اثرورسوخ ہے جس کی وجہ سے ان کے کارکنوں نے بھی کیمپ میں کافی دلچسپی کا مظاہرہ کیا تاہم کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کے بغیر انتہائی متنازعہ موضوعات بھی زیرِ بحث آتے رہے۔ کیمپ میں سٹال لگایا گیا تھا جس پر پاکستان اور عالمی تناظر کی دستاویزات، طبقاتی جدوجہد کے اردو اور سندھی ایڈیشن کے علاوہ مارکسی لٹریچر دستیاب تھا۔ اس کے علاوہ کیمپ میں دن بھر انقلابی ترانے بھی چلائے گئے جس سے کیمپ کی رونق دوبالا ہو گئی۔ کیمپ میں کامریڈز نے تقاریر بھی کیں جن کو علاقے کے لوگوں نے بڑی دلچسپی سے سنا۔ تقریباً 300 کے لگ بھگ لوگوں نے کیمپ کا وزٹ کیا اور 110 نے بیروزگار نوجوان تحریک میں اپنا نام رجسٹرڈ کروایا۔ اس حوالے سے یہ ایک بھرپور اور کامیاب سرگرمی تھی۔ کیمپ کے اختتام پر علاقے میں بیروزگاری اور اس کے حل کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔