فیصل آباد میں بے روزگار نوجوان تحریک کے زیراہتمام اسٹیج ڈرامہ

[رپورٹ: عمر رشید]
29 جون کو عاصم ٹاؤن میں بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) کے زیر اہتمام بے روزگاری کے موضوع پر ہونے والے ایک جلسے میں ساندل ناٹک کی طرف سے ’’نیلے دا اسوار‘‘ ڈرامہ پیش کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز آٹھ بجے انقلابی نظموں اور ترانوں سے ہوا۔ کامریڈ مجاہد، کامریڈ پیا جی، کامریڈ علی زریون اور قمر عباس نے نظمیں پڑھی۔ پھر ڈرامہ پرفارم کیا گیا۔ سٹیج ڈرامے کا مرکزی خیال یہ تھا کہ اس نظام میں نہ نظر آنے والی ظلم و ستم کی دیواروں نے انسانیت کو قید کر رکھا ہے۔ ان دیواروں کو محنت کش طبقہ ہی ایک انقلاب کے ذریعے گرا سکتا ہے۔ ڈرامے کے ڈائیریکٹر آصف ہوت نے اپنی ٹیم کے ساتھ بڑی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ ڈرامے کے بعد کامریڈ عثمان نے BNT کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے ملکی حالات پر روشنی ڈالی اور انقلابی پارٹی کی تعمیر و تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ پنڈال میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد موجود تھے۔ پروگرام کے اختتام پر ڈی ٹائپ کی BNT ٹیم کو مقامی محنت کشوں اور نوجوانوں نے مبارکباد پیش کی۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض کامریڈ عبداللہ نے سرانجام دئیے۔