[رپورٹ: PTUDC مظفرآباد]
27 مئی 2014ء بروز منگل تنظیم غیر جریدہ کی کال پرپورے آزاد کشمیر میں ملازمین دفاتر کی تالہ بندی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ اس دن پو رے آزاد کشمیر میں ملازمین نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور جلسے کئے۔ مظفرآباد میں بھی تمام دفاتر کے ملازمین نے ریلیوں کی شکل میں مہنگائی، غربت، لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین تنخواہوں میں اضافہ، ٹائم سکیل کی منظوری، HBA اور TA/DA کی بحالی، عارضی ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پریس کلب پر احتجاجی جلسہ میں تین ہزار سے زائد ملازمین نے شرکت کی۔ احتجاجی جلسے سے صدر مرکزی تنظیم غیر جریدہ صوبرعباسی، جویڈیشل ایمپلائزایسوسی ایشین کے مرکزی صدر کامریڈ آفتاب تبسم اور PTUDC مظفرآباد کے آرگنائز اور ممبر مجلس عاملہ تنظیم غیر جریدہ کامریڈ نوید اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے تمام ملازمین کی یکجہتی اورجڑت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے تمام ملازمین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پڑے گا۔ تمام مسائل کا واحد حل اس نظام کا خاتمہ ہے۔ عبد الرشید، سالک عباسی، رشید علی، خواجہ شریف، توفیق کیانی، علی افسر، عاصمہ میر، وحید مغل، راجہ فصیل، کرامت سبز واری نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض خواجہ عبد الوحید نے سرانجام دیے۔ آخر میں مجلس عاملہ کی میٹنگ ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت نے پانچ دن کے اندر مطالبات تسلیم نہ کئے تو مکمل تالہ بند ہڑتال کی جائے گی۔