پشاور: بے روزگار نوجوان تحریک کے زیر اہتمام سیمینار

[رپورٹ: BNT پشاور]
بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) کے زیر اہتمام عطا لیبر ہال پشاور میں مورخہ 19 اپریل کو ’’روزگار دو یا حساب دو‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طلبہ، نوجوانوں اور سیاسی کارکنان نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض BNT پشاور کے آرگنائزر کامریڈ نعمان نے سرانجام دئیے۔ سیمینار کے مہمان خصوصی پیپلز لیبر فیڈریشن کے رہنما اور PTUDC پشتونخواہ کے صدر کامریڈ شیر عالم تھے۔ اس موقع پر BNT پشاور سے عالمگیر خان، ارشد خان، فرہاد خان اورلال زمان قادری، سینئر مزدور رہنما شیر دل لالہ، ریلوے کے مزدور رہنما کامریڈ فضل قادر، پشاور یونیورسٹی سے کامریڈ نیازمحمد، پیپلز پارٹی سوات کے رہنما غفران احد ایڈووکیٹ، PTUDC کے مرکزی رہنما چنگیز ملک اور BNT کے مرکزی آرگنائزر عمران کامیانہ نے اظہار خیال کیا۔
مقررین نے کہا کہ عالمی طور پر سرمایہ دارانہ نظام کے بڑھتے ہوئے بحران کی وجہ سے بیروزگاری کا مسئلہ دنیا بھر میں سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ یورپ کے ترقی یافتہ سرمایہ دارانہ ممالک میں بھی بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ ریاستی اعداد و شمار کے برعکس امریکہ میں بیروزگاری کی حقیقی شرح 42فیصد سے زیادہ ہے۔ ان حالات میں پاکستان جیسے ترقی پزیر ممالک میں بیروزگاری کے مسئلہ کی شدت کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ پاکستان میں ساڑھے تین کروڑ افراد بے روزگار ہیں اور ہر سال 10 لاکھ نوجوان محنت کی منڈی میں داخل ہورہے ہیں۔ پاکستان اکانومک واچ کے ایک سروے کے مطابق کل لیبر فورس کا 50 فیصد حصہ بے روزگار ہے۔ بیروزگاری دہشت گردی اور جرائم کی بنیادی وجوہات میں سے ایک ہے۔ پاکستان کی دوتہائی معیشت کالے دھن کی معیشت پر مشتمل ہے اور 70 فیصد روزگاری اسی کالی معیشت سے پیدا ہوتا ہے۔ بجلی کے بحران کی وجہ سے فیکٹریاں اور کارخانے بڑی تعداد میں بند ہورہے ہیں اور موجودہ حکومت کی نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ کی پالیسیاں جلتی آگ پر تیل کا کردار ادا کررہی ہیں۔ یوں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونا تو درکنار پہلے سے موجود روزگار کو بھی ختم کیا جارہا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کا معاشی پروگرام ایک ہے اور ان نظام سے کسی بہتری کی امید رکھنا بیوقوفی کے مترادف ہے۔ تمام مقررین نے BNT کی کاوش کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اس طرح کے سیمینار ملک بھر میں منعقد کئے جائیں اور بے روزگار نوجوانوں کو ’’روزگار یا دس ہزار روپے ماہانہ بے روزگاری الاؤنس‘‘ کے مطالبے کے گرد ایک پلیٹ فارم پر متحد کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کو تیز کیا جائے۔ سیمینار میں کامریڈ عبداللہ، کامریڈ عبیداللہ اور خان زمان اعظم نے اردو، پشتو اور ہندکو زبان میں انقلابی نظمیں پڑھیں اور شرکا سے خوب داد وصول کی۔