[رپورٹ: افضل مصرانی]
مورخہ 13 اپریل بروز اتور کے دن بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے حیدرآباد میں ایک روزہ مارکسی اسکول کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف علاقوں اور یونیورسٹیوں سے نوجوان طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔ اسکول دو سیشنز، ’’قومی سوال اور مارکسی بین لاقوامیت‘‘ اور’’مارکسزم اور امریکہ‘‘ پر مبنی تھا۔ اسکول کو چیئر کامریڈ افضل نے کیا جبکہ پہلے سیشن ’’قومی سوال اور مارکسی بین لاقوامیت‘‘ پر لیڈ آف دیتے ہوئے کامریڈ پھوٹو مل نے مختلف اقوام کے حوالے سے قومی سوال کی پیچید گیوں کو بیان کیا، انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی طور پر قومی سوال کو مختلف حکمرانوں اور سرمایہ داروں نے اپنے مفاد میں استعمال کیا ہے، دنیا بھر میں پنپنے والے تمام تر مسائل آخری تجزئے میں قومی نہیں بلکہ معاشی اور طبقاتی ہیں اور لینن کے لفظ میں قومی سوال آخری تجزیے میں روٹی کا سوال ہے۔ اگر ہم تمام قوموں کی محرومیوں کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اس سرمایہ داری کا خاتمہ کرنا ہوگا اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں تمام لوگوں کی معاشی زندگیاں بہتر ہوسکیں۔ کامریڈ پھوٹو کی مفصل لیڈ آف کے بعد سوالات اور کنٹری بیوشنز کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں کامریڈ حاجی شاہ، اکرم مصرانی، نتھو مل، آفتاب چانڈیو، مکیش کمار نے اپنے خیالات کا اظہارکیا، اس کے بعد سیشن کا سم اپ کامریڈ راہول نے کیا۔
پہلے سیشن میں شاندار بحث کے بعد اسکول کے دوسرے سیشن ’’مارکسزم اور امریکہ‘‘ کا آغاز کیا گیا جس پر لیڈ آف دیتے ہوئے کامریڈ سہیل چانڈیو نے کہا کہ امریکہ کی اصل تاریخ ہمیں کبھی بتائی نہیں جاتی، امریکہ کے حکمران باقی دنیا کے ساتھ ساتھ ہمیشہ سے اپنی عوام سے بھی جھوٹ بولتے آرہے ہیں، مگر کامریڈ ایلن کی اس کتاب نے نہ صرف امریکہ کی حقیقی طبقاتی تاریخ بیان کی ہے بلکہ امریکی عوام کا موجودہ دور میں ہونے والا استحصال اور طبقاتی کشمکش کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے، جوزف مکارتھی جیسے رجعتی حکمرانوں کا یہ موقف آج غلط ثابت ہوچکا ہے کہ انقلاب کا امریکہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، امریکہ کے محنت کشوں کی کئی عظیم طبقاتی لڑائیاں تاریخ میں درج ہیں، آنے والے دنوں میں بھی امریکی محنت کش طبقہ انقلابی تحریک برپا کر کے اپنے اوپر ہونے والے استحصال کا نہ صرف خاتمہ کرے گا بلکہ ایک سوشلسٹ انقلاب برپا کرکے امریکی عوام کے ذہنوں پر نقش کئے گئے رجعتی باب کوہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کرے گا۔ لیڈ آف کے بعد سوالات اور کنٹری بیوشنز کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں کامریڈ لاجونتی اور حنیف مصرانی نے حصہ لیا۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے آخر میں کامریڈ سہیل نے سیشن کا سم اپ کیا۔ سم اپ کے بعد انٹر نیشنل گا کر اسکول کا اختتام کیا گیا۔