[رپورٹ: راجہ عمران]
مورخہ 9 اپریل بروز بدھ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے واپڈا ہائیڈرو یونین کے زیر اہتمام آئیسکو کی ممکنہ نجکاری کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت زونل چیئرمین جاوید بلوچ نے کی۔
احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں محنت کشوں نے شرکت کی۔ دیگر شرکاء میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے وائس چیئرمین ڈاکٹر چنگیز ملک، واپڈا ہائیڈرویونین کے مرکزی نائب صدر ملک فتح خان، آفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، بے روزگار نوجوان تحریک شمالی پنجاب کے آرگنائزر آصف رشید، ریلوے لیبر یونین کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ عمران، انقلاب یونین PWD ( اسلام آباد) کے صدر اسلام الدین، زونل چیئرمین انقلاب یونین PWD علاؤ الدین، ریلوے محنت کش یونین کے جنرل سیکرٹری عبدالروؤف اعوان شامل تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر حکومت نے نجکاری کی پالیسی ترک نہ کی تو ہم ایوانوں میں بیٹھے اِن حکمرانوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پھر ملک گیر ہڑتال کے ساتھ ساتھ ان بڑے ایوانوں کی بجلی بند کر دیں گے۔ ہم اگر اداروں کو چلانا جانتے ہیں تو ان کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں۔