اسلام آباد: ’’مارکسزم اور امریکہ‘‘ کی تقریب رونمائی

[رپورٹ: PTUDC اسلام آباد]
معروف عالمی دانشور اور مارکسسٹ ڈاٹ کام کے ایڈیٹر ایلن ووڈز کی تصنیف ’’مارکسزم اور امریکہ‘‘ کی تقریب رونمائی نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہفتہ 15 مارچ کومنعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی منصنف ایلن ووڈز تھے جبکہ دیگر مہمانان میں امریکہ میں انٹرنیشنل ورکرز لیگ کے سیکرٹری جنرل جان پیٹرسن، معروف انقلابی دانشور ڈاکٹر لال خان، وزیر ستان سے سابق امیدوار قومی اسمبلی محمد علی وزیر، کتاب کے مترجم فرہاد کیانی اور ڈاکٹر فرزانہ باری شامل تھے۔ اس تقریب میں مختلف ٹریڈ یونینز، ایسوسی ایشنز، طلباء تنظیموں نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایلن ووڈز نے کہا کہ اس کتاب کا بنیادی مقصد دنیا بھر کے محنت کشوں کو امریکی محنت کش طبقے کی روشن جدوجہد کی تاریخ سے روشناس کرانا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی حکمرانوں نے جو مظالم ڈھائے ہیں اور ڈھا رہے ہیں اسی طرح امریکہ کا حکمران طبقہ بھی امریکی محنت کش طبقے کا استحصال کرتا ہے۔ عوام پر لگائے جانے والے ٹیکسو ں سے حاصل کردہ دولت کو جنگوں اور بینکاروں کی ہوس کی نظر کیا جاتا رہا ہے۔ امریکہ کے محنت کش طبقے نے ہر جنگ کے خلاف لڑائی لڑ کر عالمی طبقاتی جڑت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا سوشلسٹ انقلاب وہ بھٹی ثابت ہو گا جس سے انسان کا مستقبل فولاد بنے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ سے آئے ہوئے محنت کش طبقے کے راہنما جان پیٹرسن نے کہا کہ امریکہ اندر دو طبقات ہیں ، حکمران طبقہ اور محنت کش طبقہ۔ امریکی محنت کش طبقے کے بھی وہی مسائل ہیں جس کا سامنا پوری دنیا کے محنت کشوں کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں 22 فیصد بچے رات کو بھوکے سوتے ہیں اور 2 کروڑ 40 لاکھ امریکی بے روزگار ہیں یا پھر ان کے پاس مکمل روزگار نہیں ہیں، 30 لاکھ امریکی بے گھر ہیں۔ ڈاکٹر لال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں پاکستانی محنت کشوں کے لیے امریکی محنت کشوں کی جدو جہد کو سمجھنے کے لیے بہت سے اسباق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان کے عام عوام امریکی سامراج اور پاکستانی حکمران طبقات دونو ں سے نفرت کرتے ہیں جنہوں نے ان کی زندگیوں کو جہنم بنایا ہوا ہے۔ فرزانہ باری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام کی حدود و قیود میں رہتے ہوئے عورت کبھی آزاد نہیں ہوسکتی اور انسانیت کا مستقبل سوشلسٹ انقلاب کی کامیابی کے ساتھ وابستہ ہے۔