(رپورٹ: PTUDC)
لاہور میں نوجوان نرسز پر ریاستی تشدد کے خلاف ینگ نرسزایسوسی ایشن(YNA) کے زیر اہتمام نشتر ہسپتال ملتان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے باری کی۔ احتجاجی مظاہرے میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن (YDA) ملتان اورپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے نمائندے اظہار یکجہتی کے لیے شریک ہوئے اور ینگ نرسز کے شانہ بشانہ ان کی جہدو جہد میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی محترمہ ثمینہ، شمیم، شگفتہ، وجیہہ، عابدہ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر مظہر چوہدری، ڈاکٹر جہانگیر ریاض، ڈاکٹر علی وقاص، PTUDC کے کامریڈ ندیم پاشا نے کہا کہ لاہور مال روڈ پنجاب اسمبلی کے سامنے پنجاب حکومت کی احکامات پر پنجاب پولیس نے جس طرح پر امن احتجاجی مظاہرہ کرنے والی نرسزکو تشدد کا نشانہ بنایااورگرفتار کیا ہے یہ پنجاب حکومت کی وحشیانہ بربریت اور درندگی کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو صرف اپنی کرسی، کرپشن، پیسوں، بیرونی دور ں اور IMF کی خوشنودی کی فکر ہے۔ انہیں مریضوں، ڈاکٹروں، نرسوں اور عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔ ان حکمرانوں نے نہ تو نئے ہسپتال بنوائے ہیں اور جو ہسپتال موجود ہیں ان ہسپتالوں میں نہ تو جدید علاج موجود ہے اور نہ ہی مریضوں کے لیے ادویات۔ ہم ایسے حکمرانوں پر لعنت بھیجتے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ حکومت سٹودنٹس نرسز کی خدمات لیکر کام چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ ایسے میں کوئی حادثہ رونما ہوا تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت اور ہیلتھ منسٹری ہوگی۔ مقررین نے کہاکہ ینگ نرسز کے تمام مطالبات فوری طور پر پورے کئے جائیں، گرفتار نرسز کو فوری طور پر رہا کیا جائے ورنہ ہم پنجاب حکومت کے خلاف راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔
فیصل آباد میں الائیڈ ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی نرسز نے 15 مارچ بروز ہفتہ صبح 9 بجے الائیڈ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے احتجاجی ریلی شروع کی جو پنجاب میڈیکل کالج سے ہوتے ہوئے الائیڈ ہسپتال کے مین گیٹ تک پہنچی۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس کے وحشیانہ تشدد کے خلاف بھر پور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہ لاہور میں نوجوان نرسز کے مطالبات بالکل جائز ہیں اور پورے پاکستان کے محنت کش ان کے شانہ نشانہ کھڑے ہیں۔ مظاہرین سے PTUDC کے کامریڈ ارتقاء اور کامریڈ عصمت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نرسز کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نرسز نے پورے پاکستان کے محنت کشوں کے سامنے اپنے حق کے لئے جدوجہد کی عظیم مثال پیش کی ہے اور PTUDC ہر قدم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔