[رپورٹ: PTUDC گوجرانوالہ]
آج تیسرے روز بھی ماسٹر ٹائل کے محنت کشوں کی ہڑتال جاری رہی۔ ہڑتال کو ختم کروانے کے لیے مالکان نے ہر قسم کے گھٹیا ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن محنت کشوں کے عزم اور یکجہتی کو نہیں توڑ سکے۔ پہلے پولیس کی جانب سے محنت کشوں کو ہراساں کیا گیا اور جھوٹے مقدمے میں انہیں گرفتار کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ اس کے بعد تمام مزدوروں کو فون کیے گئے اور ان کے گھر گاڑیاں بھجی گئیں کہ وہ فیکٹری میں آکر کام شروع کریں لیکن یہ حربہ بھی محنت کشوں نے ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد محنت کشوں میں اپنے ٹاؤٹ بھیجے گئے جو انہیں مالکوں کی حمایت اور ہڑتال توڑنے کے لیے قائل کر سکیں لیکن محنت کشوں نے انہیں گالیاں نکال کر رخصت کیا۔
ورکروں کی حمایت کے لیے سیالکوٹ سےPTUDC کا وفد کامریڈ ناصر بٹ ایڈووکیٹ کی قیادت میں آیا تو محنت کشوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ اس موقع پرکامریڈ ناصر بٹ، عرفان شاہ ایڈووکیٹ اور کامریڈ احسن نے محنت کشوں سے خطاب کیا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزدوروں کے ساتھ اپنا خون بہائیں گے اور مالکان کے غلیظ ہتھکنڈوں کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا پیغام ڈسکہ اور سیالکوٹ کے محنت کشوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔
فیصل آباد کے محنت کشوں کے نمائندہ کامریڈ عمر رشید نے بھی محنت کشوں سے خطاب کیا اور وہاں کے محنت کشوں کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزدور ساری زندگی محنت کرتا ہے لیکن اپنے بچوں کو تعلیم اور علاج جیسی بنیادی سہولت خرید کر نہیں دے سکتا۔ دوسری جانب مالک کوئی کام نہیں کرتے اور مزدوروں کی محنت جونک بن کر چوستے ہیں اور انہیں بنیادی ضروریات سے بھی محروم رکھتے ہیں۔
یونین کے عہدیداروں نے مزدوروں کو بتایا کہ مالکان نے آج پھر ان کو کہا ہے کہ وہ کسی صورت بھی یونین کا بنیادی حق تسلیم نہیں کریں گے خواہ انہیں کچھ بھی کرنا پڑے۔ اس پر کامریڈ آدم پال نے تقریر کی اور کہا کہ یونین ہمارا بنیادی حق ہے جو ہمارے مفادات کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے۔ ہم کسی صورت بھی یونین کے بنیادی حق سے دستبردار نہیں ہو نگے۔ مالکان جھوٹ بول کر اور دوسرے ہتھکنڈوں سے ہڑتال تڑوانا چاہتے ہیں تا کہ مزدوروں کی یکجہتی توڑ کر انہیں عتاب کا نشانہ بنایا جا سکے لیکن ہماری کامیابی،ہماری جڑت اور اتحاد ہے۔ جب تک یونین کا حق تسلیم نہیں کیا جاتا، جبری برطرف مزدوروں کو بحال نہیں کیا جاتا اور مقدمات ختم نہیں کیے جاتے ہڑتال جا ری رہے گی۔ اس کے بعد کامریڈ آدم پال نے کہا کہ جو مزدور ہڑتال کو جاری رکھنے کے حق میں ہیں وہ ہاتھ کھڑا کریں جس پر تمام مزدوروں نے ہاتھ بلند کیے اور یونین کے حق میں نعرے بازی کی۔
آج ماسٹر ٹائل کے محنت کشوں کے حق میں PTUDC کی جانب سے راولپنڈی اور قصور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین ، ایپکا اور دوسرے اداروں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں ماسٹر ٹائل کے مزدوروں تک جب یہ پیغام پہنچا تو انہوں نے مزدور اتحاد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور PTUDC کا شکریہ ادا کیا۔ شام کے وقت احتجاج مظاہرہ پر امن طور پر ختم کر دیا گیا لیکن مطالبات کے تسلیم ہونے تک ہڑتاک جاری رہے گی۔
متعلقہ:
گوجرانوالہ: ماسٹرٹائل میں ہڑتال کا دوسرا روز، مزدوروں پرجھوٹے مقدمات قائم
گوجرانوالہ: ماسٹر ٹائل کے سینکڑوں محنت کشوں کا جبری برطرفیوں کیخلاف احتجاج، فیکٹری بند