قصور میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کی احتجاجی تالہ بندی اور ہڑتال

رپورٹ: جاوید ملک

ضلع قصور میں چھٹے روز بھی نجکاری کے خلاف ہزاروں ملازمین کی تالا بندی اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔واپڈا ہائیڈروالیکٹرک یونین کے رہنماء سردار فصیح الرحمن، نوید ڈوگر، غلام غوث ،چوہدری محمد اعظم، محمد اسلم بلوچ، سردار تجمل ڈوگر، محمد عمر بانڈے، طاہر محمود، عبدالرزاق اور دیگر رہنماؤں کی اپیل پر واپڈا ملازمین نے چھٹے روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھا۔ اس موقع پر ضلع بھر کے عہدیداروں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کے لیے دیگر مزدور تنظیموں سے رابطے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ واپڈا کی نجکاری کے خلاف اسلام آباد کی طرف کیے جانے والے مزدوروں کے اس مارچ میں لاکھوں محنت کش شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور قیادت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے واپڈا کے تمام ملازمین ہر ضلع کے اندر اعلیٰ افسران اور حکومت میں شامل رہنماؤں کی بجلی منقطع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں کیے جانے والے ہمارے تاریخ ساز احتجاج پر ہمیں دلاسہ تو دیا مگر اپنی پالیسی تبدیل نہیں کی، جس پر مزدوروں نے بھی فیصلہ کر لیا ہے کہ اب زندگی موت کی لڑائی شروع ہوچکی ہے اور ہم کسی طرح کے کسی وعدے پر کوئی یقین نہیں کریں گے۔ بارہ لاکھ خاندانوں کو بیروزگار کرنے کا جو منصوبہ بنایا گیا ہے ہم اس منصوبے کو کامیاب ہونے سے پہلے ان حکمرانوں کو ایوانوں سے نکال باہر پھینکیں گے ۔