صادق آباد میں سینکڑوں کارکنوں کا پاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ

پارٹی اپنے بنیادی پروگرام کو بھلا کر دشمنوں کی نظریاتی یلغار کا شکار ہوچکی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کو مختلف پارٹیوں اور عوام دشمن گروہوں سے آئے ہوئے قبضہ گروپ سے چھڑانے کے لئے ملک بھر میں کارکن یکجا ہوکر ورکرز کمیٹیاں تشکیل دیں۔ضلعی صدر اپنے گینگ سمیت فوری طور پر مستعفی ہوجائے ورنہ اسکے خلاف مستقل احتجاجی کیمپس لگائے جائیں گے۔ضلع بھر میں پارٹی لیڈر کہلوانے والے افراد فنکشنل لیگ،جماعت اسلامی اور دیگر پارٹیوں کے مفادات کے لئے کام کررہے ہیں،چٹی دلالی اور ٹھیکوں کی لالچ کی وجہ سے پارٹی عہدے داروں نے پارٹی کا تشخص برباد کردیا ہے ۔چار سالوں سے پارٹی کارکنوں کا کوئی معمولی کام بھی نہیں ہوا جبکہ عہدے داروں اور ارکین اسمبلی نے کروڑوں روپے کے گھپلے کئے ہیں ۔سوئی گیس اور بجلی کے میٹر تک لگوانے کے لئے بھاری رشوت دینی پڑتی ہے۔وفاقی اداروں میں پارٹی کارکنوں کے جائز کام نہیں ہوتے ۔عبدالقادر گیلانی صادق آباد میں مداخلت بند کردے ورنہ اسکے پتلے شہر کے ہر چوک پر جلائیں جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی صادق آبادکے کارکنوں کی پارٹی قیادت اور پالیسیوں کے خلاف نکلنے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خالدجاویدچشتی ،شہزاد پیرزادہ اور دیگر مشتعل کارکنوں نے کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی جس میں شریک زیادہ تر کارکنوں کا تعلق کچی آبادیوں اور ٹبہ جات سے تھا ،نے اپنی ریلی کا آغاز ٹبہ قادرآباد سے کیا ،ریلی ٹلو روڈ سے ہوتی ہوئی ڈاکٹر طالوت پارک پر پہنچی جہاں سے ستار شہید روڈ اور بعد ازاں بھٹو شہید چوک پر پہنچ کر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔مشتعل مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بنانے کا مقصد عوام کے مسائل کا ازالہ کرنا تھا ۔پہلے اقتدار میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سہولیات فراہم کیں اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے عظیم الشان منصوبے شروع کئے مگر اب قتدار پرست انہی اداروں کو تباہ کررہے ہیں، جن کو قائد عوام نے قائم کیا تھا۔پارٹی کارکنان عام انتخابات میں پارٹی کو ووٹ اس لئے دیتے ہیں کہ جیتنے کے بعد عوامی فلاحی کام ہوں مگر اب ہم سے محکمہ کے آفیسرگیس کا میٹر لگوانے کے لئے دس ہزار روپے مانگ رہے ہیں عدم ادائیگی کی صور ت میں کہا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ نے نئے کنکشن پر پابندی لگائی ہے ۔بجلی اور نادرا کے محکمہ جات پر فنکشنل لیگ کا قبضہ ہے جس کو تقویت ضلعی صدر پی پی پی کی منافقت کی پالیسیاں پہچا رہی ہیں ۔مقررین نے کہا کہ ضلعی صدر پارٹی کے اندر دھڑے بندیوں کے ذریعے تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس کی وجہ سے پارٹی کمزور ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوبربادی سے بچانے کے لئے اسکے بنیادی انقلابی پروگرام پر واپس لانا ہوگا اور یہ کام قیادت پربراجمان جنرل ضیا الحق کی ٹیم نہیں کرے گی بلکہ اسکے لئے ملک بھر میں پارٹی کارکنوں کی کمیٹیاں تشکیل دینا ہونگی تاکہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو بچایا جاسکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا صدروڈیرے کی بجائے کسی کارکن کو بنایاجائے۔ریلی اور جلسے میں موجود مظاہرین نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور پارٹی کے اندر موجود ضیاء باقیات کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔بعد ازاں جلسہ پرامن طورختم کردیا گیا۔