رپورٹ : رئیس قاسمی:-
5 فروری بروز جمعرات دن حیدرآباد پریس کلب میں پیپلز پارٹی نظریاتی کارکنان ڈیفنس کمپئین سندھ کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 84 ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور ایک سیمینار جس کا عنوان ’’بھٹو ازم سوشلزم ‘‘ تھا منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں پارٹی کے کارکنان سمیت طلبا ،محنت کشوں اور مختلف مکتبہِ فکر سے تعلق رکھنے والے ساتھیوں نے شرکت کی جبکہ پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین اور بیروزگار نوجوان تحریک کے ساتھیوں نے بھی شرکت کرکے پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنایا ، پروگرام کی صدارت کامریڈ جام ساقی نے کی جبکہ تقریر کرتے ہوئے سابق صدر پیپلز یوتھ طفیل احمد میمن،آفتاب خان پٹھان نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ آج بھی پاکستان کے لئے نجات کا راستہ ہے ، آج پارٹی کو اپنے بنیادی منشور پر لوٹنا ہوگا ۔ پیپلز لیبر بیور و حیدرآباد کے سابق ڈویژنل صدر کامریڈ غلام رسول میمن نے کہا کہ شہید بھٹو نے سوشلزم کا نظریہ دیکر اس ملک کو ترقی کی منزلوں پر گامزن کیا لیکن آج پارٹی پر سرمایہ داروں ، جاگیرداروں اور لٹیروں کا قبضہ ہے ، پیپلز پارٹی تحصیل ماتلی کے عہدیدار کامریڈ کریم لغاری نے کہا شہید بھٹو نے ملک میں سوشلزم ، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دیکر یہاں مظلوم عوام کی خدمت کی اور آج پارٹی کی قیادت جو کہ ضیا باقیات ہے پارٹی کے اندر مافیا بن کے لوٹ مار کررہے ہیں ۔ آخر میں اپنا صدارتی خطاب کرتے ہوئے کامریڈ جام ساقی نے کہا کہ آج پارٹی کے اندر نظریاتی کارکن جاگ رہے ہیں اور وہ پارٹی کی اصل میراث ہیں اور آخر نوجوان اپنی پارٹی کو سرمایہ دارانہ قیادت سے چھڑوائیں گے۔ سوشلزم آج پوری دنیا میں ابھر رہا ہے اور پارٹی کو اپنے حقیقی مقصد جو طبقات سے پاک معاشرے کا قیا م ہے پر لوٹ آنا ہوگا ،آج پاکستان میں تمام سیاسی اور لسانی پارٹیاں جعلی انقلابی نعرے بازی کررہی ہیں، ان میں کوئی بھی انقلابی پارٹی نہیں ہے ، سرمایہ دارانہ پارلیمانی جمہوریت میں کوئی انقلاب نہیں آسکتا کیونکہ حقیقی سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کے لئے اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا اور یہاں کہ غریب ، محنت کش عوام کو اپنا حق دلانا ہوگا۔