آل پاکستان پروگریسو یوتھ الائنس: بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف لاہور میں احتجاجی ریلی اور مظاہرہ

رپورٹ: کامریڈ آفتاب خان
آل پاکستان پروگریسو یوتھ الائنس کے زیرِ اہتمام بلوچستان میں معصوم عوام اور سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف لاہور میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کاآغاز نسبت روڈ سے ہوا جو لکشمی چوک میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس احتجاجی ریلی کی قیادت پروگریسو یوتھ الائنس کے مرکزی آرگنائزر امجد شاہسوار، بی ایس او لاہور زون کے آرگنائزر میر ظریف رند، PTUDC کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری پارس جان، JKNSF لاہور برانچ کے سابق چیئرمین کامریڈ مشتاق اور نو منتخب چیئرمین ریاض بلوچ نے کی ۔ ریلی کا اختتام لکشمی چوک میں ہوا۔ جہاں پر زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے کارکنان نے ٹارگٹ کلنگ کی بھرپور مذمت کی۔اس موقع پر رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام کی زوال پذیری کی وجہ سے پاکستان میں انسانیت سسک رہی ہے اور یہاں کے عوام مسائل کی بھرمار میں زندگی گزار رہے ہیں۔ یہاں کے حکمران ان مسائل کے حل کے لئے کسی بھی جدوجہد کو برداشت کرنے اور سامنا کرنے سے قاصر ہیں اور اس کو کچلنے کے لئے فوج کشی تک کرنے سے گریز نہیں کرتے جیسا کہ آج بلوچستان میں ہو رہا ہے۔ لیکن یہ ظلم ہمیشہ کے لئے برداشت نہیں کیا جا سکتا، حکمران طبقات کو احساس ہونا چاہئے کے وہ اس ظلم اور بربریت کو زیادہ دیر تک عام عوام سے چھپا نہیں سکتے اور نہ ہی علاقائی اور صوبائی بنیادوں پر عوام میں پھیلائی گئی اس تقسیم اور تعصب کو زیادہ دیر تک برقرار رکھ سکتے ہیں۔ آل پاکستان پروگریسو یوتھ الائنس اس خونریزی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے فوری طور پر اس ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کیا جائے۔